فیصل واوڈا نااہلی درخواست ہائیکورٹ میں جلد سماعت کیلئے مقرر کرنیکی ہدایت
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) ٹاک شومیں بوٹ دکھانے پروفاقی وزیر فیصل واڈا کی نااہلی کیلئے دائر درخواست کی سماعت لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مسٹر جسٹس مامون الرشید شیخ کی عدالت میں ہوئی جس پر فاضل عدالت نے رجسٹرارآفس کودرخواست جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔ درخواست گزار امن ترقی پارٹی کے چیئرمین فائق شاہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا معاملہ حساس اور قومی نوعیت کا ہے جلد سماعت کی جائے، فیصل واڈا نے ٹاک شو میں بوٹ دکھا کر قومی سلامتی کے اداروں کی تضحیک کی۔ فیصل واڈا کا عمل اداروں کی ساکھ متاثر کرنے کے مترادف ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ فیصل واڈا نے سیاسی مفاد کیلئے ملکی اداروں کی تضحیک کی، وفاقی وزیر کا یہ اقدام اپنے حلف سے غداری کے مترادف ہے، چینل کے اینکرپرسن کا کردار بھی مشکوک ہے، جوڈیشل کمیشن مقرر کر کے سازش کی مکمل انکوائری کروائی جائے اور فیصل واڈا کو آئین کے آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ کے تحت نااہل قرار دیا جائے، جس پرعدالت نے رجسٹرارآفس کو درخواست جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔