• news

75 ارکان کا محمود خان پر اظہار اعتماد، عاطف خان گروپ ٹوٹ گیا: ذرائع

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے محمود خان نے تین وزراء کی برطرف کے بعد پہلا پاور شو کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق محمود خان نے ایم پی ایز کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں پی ٹی آئی کے 95 میں سے 75 نے شرکت کی ایم پی ایز نے وزیراعلیٰ محمود خان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق عاطف خان کی برطرف کے بعد ان کا گروپ بھی ٹوٹ گیا عاطف خان کے حامی ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ کے عشائیے میں شرکت کی۔ عاطف خان کا کہنا ہے کہ سازش ہوئی ہے لیکن ہمارے خلاف ہوئی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عاطف خان کا کہنا تھا کہ سازش کرنے والوں کا بھی پتا ہے لیکن ابھی نام نہیں لوں گا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے برطرف ہونے والے کے پی حکومت کے وزیر شکیل احمد کا کہنا تھا کہ پارٹی میں 7 سال ہو گئے، کبھی پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی اور نہ کریں گے۔ عمران خان نے ٹکٹ دیا اور وزیر بنایا۔ وزارت سے کیوں ہٹایا گیا پتہ نہیں۔ جس نے ہٹایا، ان سے پوچھا جائے۔ شکیل احمد کا کہنا تھا کہ حیات آباد میں اجلاس کے لیے نہیں بلکہ ڈنر کے لیے گیا تھا، اس ڈنر میں شہرام تراکئی، عاطف خان اور دیگر 5,6 دوست موجود تھے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر عاطف خان کا کہنا ہے کہ محمود خان کو عمران خان کی سپورٹ حاصل ہم کیسے ہٹا سکتے ہیں۔ ڈنر پر ہماری ملاقات کا مقصد وزیراعلیٰ کو ہٹانا نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پرویز خٹک کی کوشش تھی کہ میرے علاوہ کسی اور کو وزیر بنا دیں۔ اب جو معاملات چل رہے ہیں ان میں سابق وزیراعلیٰ کے پی کے اور موجودہ وزیر دفاع کا ہاتھ لگتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں20ایم پی ایزنے بھی تحفظات کا اظہارکیا، ہم نے آج تک پارٹی کے خلاف کوئی بات نہیں کی، یہی چیزعمران خان نے سکھائی اگرکوئی چیزغلط ہو تو آواز اٹھاؤ پھر سازش کیسے ہوگئی؟۔ عاطف خان کا کہنا تھا کہ ٹی وی پردیکھا کہ مجھے ہٹادیا گیا۔ عمران خان سے ابھی تک کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ موجودہ وزیراعلیٰ کے پی کے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں عاطف خان کا کہنا تھا کہ محمود خان اچھا اورشریف آدمی ہیں، محمود خان کے اردگرد لوگ انہیں سازش کا کہتے تھے تاکہ ان کے قریب آجائیں، ایک شخص کا نام نہیں لونگا اس نے کہا آپ کی جتنی لڑائی ہوگی میری عزت بڑھے گی۔ شہرام ترکئی کا کہنا تھا کہ :وزیراعلیٰ کوہٹانے کی کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہی ہم وزیراعلیٰ کے فیورٹ امیدوار تھے۔ ایشوز پر ناراضگی ہوتی ہے، گورننس کے ایشوہے، ہمارا موقف نہیں سنا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے جیسے لوگ سیدھی بات کرتے ہیں، سیدھی بات کرنے والوں کی اکثرپارٹیوں میں جگہ نہیں ہوتی۔ پی ٹی آئی میں چودہ سال محنت کی۔ ٹھیک اورغلط پراسٹینڈ لیتا ہوں۔ شہرام ترکئی کا کہنا تھا کہ پارٹی کے لوگوں نے ہماری لڑائی سے فائدہ اٹھایا، یہ ساری چیزیں چل رہی ہے، پوری فلم ہے۔ دس یا بارہ دفعہ وزیراعلیٰ کے پاس گئے،ہم نے کہا چیزوں کوٹھیک کریں سپورٹ کریں گے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ کو محمود خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا وزیراعلیٰ نے تین وزراء کی برطرفی کے فیصلے پر ایم پی ایز کو اعتماد میں لیا۔ وزیراعلیٰ نے حکومتی ایم پی ایز کو وجوہات سے بھی آگاہ کیا وزیراعلیٰ نے ارکان کو وزیراعظم کے وژن کے مطابق کام کرنے کی ہدایت کی وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان کا سپاہی ہوں انہیں کے وژن پر چلوں گا ارکان اسمبلی اور وزراء پارٹی منشور پر عملدرآمد کریں گے ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ تین وزراء کی برطرفی نے وزیراعلیٰ خیبر پی کے محمود خان کا موڈ خوشگوار بنا دیا صحافی نے سوال کیا کہ اتوار کے روز وزیروں کی برطرفی کا فیصلہ کیا اور آپ بہت فریش نظر آ رہے ہیں؟ وزیراعلیٰ نے جواب دیا کہ اگر میں فریش نظر آ رہا ہوں تو سمجھ جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن