• news

دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، بھارتی آرمی چیف کی دھمکیاں ’’جو گرجتے برستے نہیں‘‘ کے مترادف : اعجاز شاہ

ننکانہ صاحب(نامہ نگار) وفاقی وزیر داخلہ برگیڈئیر (ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کی دھمکیاں "جوگرجتے ہیں و ہ برستے نہیں " کے مترادف ہے، پاکستان کا دفاع مضبوط ترین ہاتھوں میں ہے۔ نواز شریف جب ٹھیک ہوجائیں گے واپس آجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس معاشرہ میں انصاف نہیں ہوتا وہ معاشرہ ختم ہوجاتا ہے۔ پاکستان کی معیشت دن بدن بہتر ہو رہی اور ملکی معیشت اب آئی سی یو سے باہر آگئی ہے اور ابھی ہسپتال میں ہے، انشاء اللہ بہت جلد ٹھیک ہوجائیگی۔ پاکستان کا 80فیصد پیسہ قرض کے سود کی ادائیگی میں جارہا ہے اور 20فیصد ترقیاتی منصوبوں پر صرف کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس میں میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کیا قبل ازیں بریگیڈئیر(ر) اعجاز احمد شاہ نے ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کے لیے بہترین میٹریل استعمال کیا جائے گا، معیار اور کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبے 6ارب42کروڑ کی لاگت سے مکمل کیے جائیں گے۔ بابا گورنانک انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ٹینڈرز کل کھولے جائیں گے جبکہ ہم نے ٹینڈرز کھلنے سے پہلے ہی اس یونیورسٹی کی تعمیر شروع کرادی ہے جو 3سال کے عرصہ میں پایہ تکمیل تک پہنچائی جائے گی۔ اجلاس میں ممبر صوبائی اسمبلی، ڈپٹی کمشنر نے وفاقی وزیر داخلہ کو بتایا کہ ضلع بھر کی 5اہم شاہراہوں کی تعمیرو مرمت کے کام کاآغاز چند روز میں کر دیا جائے گا جن میں کھیاڑے کلاں سے مانگٹانوالہ روڈ، بڑاگھر سے سیدوالہ روڈ، موڑکھنڈا سے کھیاڑے کلاں، بچیکی سے کلی موڑ جڑانوالہ فیصل آباد روڈ، بچیکی سے ظفر آباد روڈ کو بہت جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ تمام متعلقہ افسران ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کو جلد از جلد مکمل کریں۔ اگر کسی بھی سکیم میں ناقص میٹریل استعمال ہونے کی نشاندہی ہوگئی تو ٹھیکیدار اور متعلقہ محکمے کے افسران کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ بعدازاں وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) اعجاز احمد شاہ نے ضلع بھر میں 17تا 21 فروری تک جاری رہنے والی پولیو مہم کے دوران اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دینے والے محکمہ صحت کے 14ورکروں میں موٹر بائیکس کی چابیاں تقسیم کیں۔ اعجاز احمد شاہ نے مقامی مارکی میں پی ٹی آئی عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ حلف برداری کی تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد عاطف، ضلعی صدر پی ٹی آئی پیرسرور شاہ، پی ٹی آئی کے صوبائی صدر اعجاز چوہدری سمیت دیگر پی ٹی آئی کے عہدیداران نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن