• news

منظور پشتین پشاور سے گرفتار، بغاوت، نفرت کو فروغ دینے کے الزامات

پشاور(این این آئی+ نیٹ نیوز) پشاور کے علاقے شاہین ٹاؤن سے پشتوں تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور پشتین کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس حوالے سے تہکال پولیس سٹیشن کے عہدیدار شیراز احمد نے کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پیر کی علی الصبح انہیں گرفتار کیا گیا اور پشتین کو14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر پشاور جیل منتقل کر دیا گیا۔ پولیس افسر کا کہنا تھا کہ پی ٹی ایم سربراہ کو ڈیرہ اسمعیل خان منتقل کیا جائے گا جہاں ان کے خلاف ایف آئی آر درج ہے۔ پولیس کے مطابق 18 جنوری کو ڈیرہ اسمعیل خان میں سٹی پولیس تھانے میں پی ٹی ایم کے سربراہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ یہ مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعات 506 (مجرمانہ دھمکیوں کے لیے سزا)، 153 اے (مختلف گروہوں کے درمیان نفرت کا فروغ)، 120 بی (مجرمانہ سازش کی سزا) 124 (بغاوت) اور 123 اے (ملک کے قیام کی مذمت اور اس کے وقار کو تباہ کرنے کی حمایت) کے تحت درج کیا گیا۔ دوسری جانب پی ٹی ایم کے سینئر رہنما رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ہم منظور پشتین کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے پی ٹی ایم کارکنان اور حامیوں پر زور دیا کہ وہ گرفتاری کے تناظر میں پرامن رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مشاورت کے بعد ایک حکمت عملی مرتب کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن