خیبرپی کے میں وزراء کے مابین اختلافات ترکئی گروپ کھل کر سامنے آگیا
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی عثمان ترکئی کا کہنا ہے کہ ہمارے خلاف سب کچھ ایک سازش کے تحت کیا گیا۔ نجی ٹی وی چینل رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں وزراء کے درمیان اختلافات سامنے آگئے، ترکئی گروپ کھل کر سامنے آگیا، ایم این اے عثمان ترکئی نے کھل کر تحفظات کا اظہار کر دیا۔ عثمان خان ترکئی کا کہنا ہے کہ ہمارے خلاف سب کچھ ایک سازش کے تحت کیا گیا، سازشیوں کو موقع کی تلاش تھی جو انہیں مل گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں اختلافات اور گروپنگ کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کو غلط تصویر پیش کی گئی، ہم نے بھی پارٹی کے لیے قربانیاں دی ہیں، عمران خان ہمارے لیڈر ہیں، ان پر اعتماد ہے۔پی ٹی آئی ایم این اے کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سے تعلق ہے اور رہے گا، کوئی پریشر گروپ نہیں بنایا گیا، وزیراعلیٰ خود فیصلے نہیں کرسکتے، وزیراعلیٰ چند مخصوص افراد سے مشاورت کرتے ہیں۔ عثمان ترکئی کا کہنا تھا کہ صوبائی ایم پی ایز اور وزراء کے پاس اختیارات نہیں ہیں، عاطف خان اور شہرام ترکئی کو صفائی کو موقع نہیں دیا گیا۔