آئی جی سندھ کے تبادلے کیلئے وفاقی کابینہ سے منظوری لینا دوہرا معیار ہے: سعید غنی
کراچی(نیٹ نیوز) سندھ کے وزیر اطلاعات اور پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کئی آئی جی تبدیل ہوئے کوئی عدالت نہیں گیا، صرف سندھ کے معاملے پر ہی کیوں مسئلہ ہوتا ہے؟ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ کلیم امام کے بارے میں ہمارے تحفظات روز بروز درست ثابت ہو رہے ہیں، سندھ کابینہ کے عدم اعتماد کے بعد اب وہ آئی جی نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی ایسے افسر کو قبول نہیں کریں گے جو سندھ حکومت کے خلاف سازشیں کررہا ہو، جس کو سیاست کا شوق ہے سروس چھوڑے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) جوائن کرے۔ ان کا کہنا ہے کہ سندھ میں آئی جی کی تبدیلی پر اپوزیشن والوں کو مروڑ پڑ رہے ہیں تو دال میں کچھ کالا ہے، آئی جی کے تبادلے میں دہرا معیار اپنایا جارہا ہے، ان کی تقریر سے پتا چلا کہ آگ دونوں طرف لگی ہے۔ سعید غنی کا کہنا ہے ہمیں آئی جی کی تبدیلی کیلئے اقوام متحدہ جانا پڑیگا؟