• news

افغان صدر کا بیان پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے، فردوس عاشق

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعا ت ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ افغان صدر اشرف غنی کی حالیہ ٹویٹ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے، افغان قیادت کو ایسے بیانات سے پہلے بین الاقوامی تعلقات میں عدم مداخلت کے اصولوں کو پیش نظر رکھنا چاہیے۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا پاکستان خطے میں امن واستحکام کا داعی ہے۔ آئین پاکستان سے منحرف عناصر کے ساتھ قانون کے مطابق کارروائی کرنا پاکستان کا قانون ہے۔ کسی اور ملک کا دوسرے ملک میں قانون کی بالادستی کے خلاف بات کرنا سفارتی تقاضوں کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کی بہادر مسلح افواج اور غیور عوام نے اپنے لہو سے سے امن کے دیے روشن کیے ہیں۔کسی شر پسند کو امن سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ شرپسندوں کے خلاف قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن