نااہلی کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصل واوڈا اور الیکشن کمشن کو نوٹس جاری کر دیا
اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے دہری شہریت چھپانے پر نااہلی کیس میں وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر تے ہوئے جواب طلب کرلیا ۔ بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس عامر فاروق نے وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کو دہری شہریت چھپانے پر نااہلی کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل جہانگیر خان جدون نے عدالت میں موقف اختیار کیا فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن میں دہری شہریت سے متعلق جھوٹا حلف نامہ جمع کرایا، جس پر جسٹس عامرفاروق نے سوال کیا کہ الیکشن کمیشن میں نامزدگی فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ کیا تھی؟ ۔بیرسٹر جہانگیر خان جدون نے جواب دیا کہ نامزدگی فارمز جمع کرانے کی آخری تاریخ 11جون تھی۔ اس موقع پر وکیل نے 11جون کو فیصل واوڈا کی جانب سے جمع کرایا گیا حلف نامہ بھی عدالت کے سامنے پڑھا۔جسٹس عامرفاروق نے استفسار کیا کہ کیا۔ الیکشن کمیشن میں جو حلف نامہ جمع کرایا گیا وہ درست نہیں تھا؟اس پر بیرسٹر جہانگیر خان جدون نے بتایا فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن میں جھوٹا حلف نامہ جمع کرایا۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ فیصل واوڈا نامزدگی فارمز جمع کراتے ہوئے دہری شہریت رکھتے تھے۔ درخواست گزار وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ فیصل واوڈا آبی وسائل کے وفاقی وزیر ہیں بڑے ڈیمز پر کام چل رہا ہے انہیں کام سے روکا جائے۔جسٹس عامر فاروق نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ نوٹس کردیتے ہیں دو ہفتے میں جواب آجائے تو دیکھتے ہیں،جبکہ عدالت نے فیصل واوڈا کو بطور وزیر کام سے فوری روکنے کی درخواست پر بھی نوٹس جاری کردیا۔عدالت عالیہ نے دہری شہریت چھپانے پر نااہلی کیس میں الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے 24 فروری تک جواب طلب کیا ہے۔