• news

عمران خان سے ملاقات ‘عاطف خان‘ شہرام کو دوبارہ وزارتیں ملنے کا امکان

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان سے خیبر پختونخوا کابینہ سے برطرف کئے گئے وزراء عاطف خان اور شہرام خان ترکئی نے ملاقات کی۔ گزشتہ دنوں خیبرپختونخوا کابینہ کے سینئر وزیر عاطف خان، شہرام ترکئی اور شکیل احمد کو برطرف کیا گیا تھا۔ عاطف خان کے پاس کھیل، ثقافت اور سیاحت، شہرام ترکئی کے پاس صحت کا قلمدان تھا جبکہ شکیل احمد وزیر ریونیو اور اسٹیٹ تھے۔ ذرائع کے مطابق برطرف کئے گئے وزراء کو دوبارہ وزیر بنائے جانے کا امکان ہے۔ کابینہ سے برطرفی کے بعد عاطف خان اور شہرام ترکئی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں دونوں نے اپنے اوپر لگے الزامات بارے اپنی پوزیشن کی وضاحت کی۔ وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور خیبر پختونخوا کے سیاسی امور پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈسپلن کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا جبکہ برطرف کیے گئے ارکان کا مؤقف تھا کہ وزیراعظم جو ذمہ داری دیں گے، وہ قبول ہوگی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے عاطف خان اور شہرام ترکئی پر پارٹی معاملات میڈیا میں لے جانے پر ناراضی کا اظہار کیا اور کہا کہ آپ لوگوں کو کسی صورت پارٹی ڈسپلن سے باہر نہیں جانا چاہیے تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں آپ دونوں میرے سب سے بااعتماد اور باصلاحیت وزراء تھے، آپ لوگوں نے ماضی میں بھی اپنے کام سے خود کو منوایا لیکن پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی سے آپ دونوں نے مجھے بہت افسردہ کیا اور آپ دونوں کو وزراتوں سے ہٹانے کا فیصلہ بہت بوجھل دل کے ساتھ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پارٹی شخصی مفادات سے بالاتر ہوتی ہے، حکومت اور پارٹی معاملات چلانے کیلئے بہت سی قربانیاں دینی پڑتی ہیں، امید ہے مستقبل میں آپ لوگ مجھے مایوس نہیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں سابق وزراء عاطف خان اور شہرام ترکئی نے بھی وزیر اعلیٰ محمود خان کے خلاف چارج شیٹ پیش کی۔ ذرائع نے بتایا کہ سابق وزراء نے کہا کہ ہم نے بہت محنت سے صوبے میں پارٹی و حکومت کی ساکھ بنائی، ہماری کارکردگی کے باعث لوگ خیبرپختونخوا کی مثالیں دیتے تھے لیکن اپنے سامنے خراب ہوتی صورتحال دیکھ کر چپ نہیں رہ سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں موجود ایک مخصوص گروپ شروع دن سے ہمارا مخالف ہے۔ جب کوئی مناسب جواب نہ ملا تو نوبت یہاں تک پہنچی۔ اس موقع پر عاطف خان نے کہاکہ صوبے کی وزارت اعلیٰ میں کوئی دلچپسی نہیں، تحریک انصاف کا کارکن ہوں اور آپ کی ہدایت پر پارٹی کے لیے کام جاری رکھوں گا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزراء عاطف خان اور شہرام ترکئی کو کابینہ میں واپسی کاعندیہ دیا اور دونوں کو پارٹی ڈسپلن میں رہتے ہوئے کام کرنے کی ہدایت کی۔

ای پیپر-دی نیشن