• news

حکومت آئی جی کی مشاورت کے بغیر پولیس افسران کے تبادلے نہیں کر سکتی: سندھ ہائیکورٹ

کراچی(آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے ڈی آئی جی خادم حسین اور ایس پی ڈاکٹر رضوان کے تبادلے کا نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دیدیا۔جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس یوسف علی سید پر مشتمل ڈویژن بینچ نے ڈی آئی جی خادم حسین اور ایس پی ڈاکٹر رضوان کے تبادلے کیخلاف درخواست پر فیصلہ سنادیا۔عدالت نے دونوں اعلی پولیس افسران کے تبادلے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے قرار دیا کہ ڈی آئی جی خادم حسین اور ایس پی ڈاکٹر رضوان کا تبادلہ غیر قانونی ہے، پولیس افسران کے تبادلے میں طریقہ کار پر عمل نہیں کیا گیا، سندھ حکومت آئی جی پولیس کی مشاورت کے بغیر پولیس افسران کے تبادلے نہیں کر سکتی۔عدالت گزشتہ سماعت پر دونوں پولیس افسران کے تبادلوں کا نوٹیفیکشن پہلے ہی معطل کر چکی تھی۔دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ حالیہ دنوں میں 80 پولیس افسران کے تبادلے کردیئے گئے جن میں سندھ حکومت نے اپنے قوانین کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن