• news

بارش: چھتیں زمین بوس، باجوڑ 7 بچے، جھنگ، جڑانوالہ میں 4افراد جاں بحق

لاہور/ مالا کنڈ/ جھنگ/ جڑانوالہ، قلعہ دیدار سنگھ، گوجرانوالہ (نمائندگان نوائے وقت+ نامہ نگاران+ نوائے وقت نیوز) لاہور سمیت کے پنجاب کے کئی شہروں میں کہیں تیز کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہا۔ مری گلیات اور بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث میدانی علاقوں میں جاتی سردی لوٹ آئی اور لوگ ٹھٹھرتے رہے برفانی ہواؤں کے باعث کاروبار زندگی متاثر رہا، متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے، مختلف شہروں میں چھتیں گرنے اور گاڑیاں پھسلنے ٹکرانے کے واقعات پیش آئے جھنگ میں دو جاں بحق خواتین سمیت چھ افراد زخمی۔ جڑانوالہ میں جواں سال لڑکی اور ایک شخص ملبے تلے دب کر دم توڑ گئے، جبکہ باجوڑ کی تحصیل ماموند میں چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر سات بچے لقمہ اجل بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق بارش کے دوران مالاکنڈ ڈویژن ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقے بدان قلاو میں مکان کی چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 7 بچے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے۔ مقامی پولیس کے مطابق واقعے میں 5 بچے زخمی بھی ہوئے ہیں۔ نعشوںاور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خار منتقل کر دیا گیا ہے۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت گھر کے تمام بچے ایک ہی کمرے میں موجود تھے۔ جھنگ میں دو مختلف حادثات میں دو بچے جاں بحق جبکہ چھ افراد زخمی ہوگئے۔ پرانا تھانہ مسن لنک پیر کوٹ روڈ پر خستہ حالی کے باعث بارش سے کچے مکان کی چھت گر گئی ملبے تلے دوبچے اور ایک خاتون دب گئی دو بچے پانچ سالہ عمران اور تین سالہ مہدی حسن موقع پر دم توڑ گئے۔ 30سالہ رضیہ بی بی شدید زخمی ہو گئی۔ سیشن چوک کے قریب دو موٹر سائیکل رکشے آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں پانچ افراد ماہ زیب ، قائم ، انعائ، سمیعہ اور کوثر زخمی ہو گئے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا۔ جڑانوالہ میں جڑانوالہ مسلسل دو روز سے جاری موسلادھار بارش سے مختلف جگہوں پر دومکانات کی چھتیں گر گئیں۔ جواں سال لڑکی اور ایک شخص جاں بحق ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ نواحی گائوں 237گ ب قائم دین والی ننکانہ روڈ کے رہائشی ظفر اقبال کے گھر کے برآمد کی چھت کچی ہو گئی جس سے اس کی بیٹی ثانیہ ملبے تلے دب کر دم توڑ گئی، جبکہ 626گ ب کا اشرف اپنے گھر کی بالائی منزل پر سویا ہوا تھا کہ کچی چھت اچانک گر گئی، چھت تلے سویا اشرف ملبہ اوپر گرنے سے دب کر جاں بحق ہوگیا۔ علاو ہ ازیں 587گ ب میں بجلی کا پول گرنے سے بجلی کا نظام غیر فعال ہو گیا۔ قلعہ دیدار سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق محلہ اشرف ٹائون قلعہ دیدار سنگھ کے رہائشی محمد عمران کا بیٹا بارہ سالہ بیٹا ریحان گھر سے سودا سلف لینے کیلئے دکان پر جا رہا تھا بارش کی وجہ سے پول میں کرنٹ آنے کے باعث ننھا ریحان گرتے ہی موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق کے مطابق ہاشمی کالونی میں بارش کے باعث بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر چالیس سالہ ہاجرہ بی بی اور پچیس سالہ سلمیٰ زخمی ہو گئیں ، محلے داروں نے بروقت کوشش کرکے دونوں خواتین کو ملبے کے نیچے سے نکال لیا ریسکیو اہلکاروں نے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا ۔گکھڑمنڈی سے نامہ نگار کے مطابق دو روز کی مسلسل موسلادھار بارش سے نظامِ زندگی درہم برہم ہو گیا دونوں روز بجلی 6سے 8گھنٹے تک بند رہی۔ واٹر فلٹر پلانٹ بند گھروں اور مساجد میں پانی ختم ہوگیا انٹرنیٹ سسٹم جزوی طور پر خراب اور پرائیویٹ و گورنمنٹ سکولوں میں طلبہ وطالبات کی حاضری نہ ہونے کے برابر رہی بوسیدہ مکانوں کے علاوہ لینٹر ووالی چھتیں بھی ٹپکنے لگیں جس سے شہریوں کاہزراروپے کامالی نقصان ہوگیا۔

ای پیپر-دی نیشن