• news

سلیمانی کے قتل میں ملوث سی آئی اے افسر افغانستان میں مارا گیا: عرب میڈیا

کابل(این این آئی) عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ روز افغانستان میں پیش آنے والے طیارے کے حادثے میں جنرل قاسم سلیمانی کے قتل میں ملوث امریکی سی آئی اے ٹیم کا سربراہ ہلاک ہوگیا۔ عرب ٹی وی کے مطابق افغان طالبان کے مرکزی ترجمان ذبیح اللہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بیان میں کہا کہ دشمن کا انٹیلی جنس طیارہ تباہ ہوگیا جس میں امریکی سی آئی اے کے انتہائی اہم لوگ بھی مارے گئے۔ روسی انٹیلی جنسی حکام نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ روز افغانستان میں گرنے والے طیارے میں ایران میں امریکی سی آئی اے آپریشنز کے سربراہ ڈی اینڈرا بھی مارے گئے۔ روسی انٹیلی جنس حکام کا کہنا تھا کہ ڈی اینڈرا ایرانی جنرل قاسم سلیمانی پر حملے میں ملوث تھے اور ایران کے لیے امریکی سی آئی کے آپریشنز کے سربراہ تھے۔ عرب میڈیا کے مطابق ڈی اینڈرا کو 2017 میں ایران مشن سینٹر کے سربراہ کے طور پر تعینات کیا گیا اور وہ خطے میں سی آئی اے کے انتہائی اہم ممبر سمجھے جاتے تھے۔ ادھر امریکا کی حکمران ری پبلکن پارٹی کے 43 سینیٹروں پر مشتمل گروپ نے ایک قرارداد پیش کی ہے، اس میں ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت میں کردار ادا کرنے والے امریکی فوجیوں اور انٹیلی جنس کمیونٹی کے ارکان کو اعزاز سے نوازنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ ریاست ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے ری پبلکن سینیٹر ٹیڈ کروز نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس قرارداد کا متن پوسٹ کیا ہے۔ اس میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو عراق ، افغانستان اور دوسرے علاقوں میں دہشت گردی کے حملوں کا ذمے دار قراردیا گیا ہے جن کے نتیجے سیکڑوں امریکی اہلکار مارے گئے تھے۔ قرارداد میں کہا گیا ان امریکی اہلکاروں پر حملوں کے لیے ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کی القدس فورس نے ہتھیار اور گولہ بارود مہیا کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن