• news

سروسز ہوٹل لاہور، دو پاور پلانٹس، دو کنونشن سنٹر اور ایس ایم ای بنک کی نجکاری رواں مالی سال ہو گی: میاں سومرو

اسلام آباد(نیوز رپورٹر) وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ رواں مالی سال میں دوپاور پلانٹس، دو کنونشن سنٹرز، سروسز ہوٹل لاہور اور ایس ایم ای بنک کی نجکاری کے لیے نیلامی موصول ہوچکی ہے جس کے بعد متعلقہ ادارے اور محکمے عدالتی احکامات سمیت پیپرا قوانین کو مد نظر رکھ کر ان کا جائزہ لیں گے۔ اور رواں سال ان 6 ریاستی اداروں کی نجکاری مکمل ہو جائیگی۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان اور نجکاری ڈویژن کے سیکریٹری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد میاں سومرو نے کہا کہ اسٹریٹجک سیل 10 برس بعد ہو رہی ہے اور اس عمل میں عموماً 2 برس یا زائد کا دورانیہ لگ جاتا ہے جسے تقریباً ایک برس میں مکمل کرلیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نیلامی میں دنیا کی بیشتر نئی کمپنیوں نے دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس ضمن میں نجکاری ڈویژن کے سیکریٹری نے نیلامی سے متعلق تفصیلات بتائیں کہ حکومت کی جانب سے 2018 کے دسمبر میں 6 اداروں اور املاک کی نجکاری کا ہدف دیا گیا اور رواں مالی سال میں 2 پاور پلانٹس، دو کنونشن سینٹر، سروسز ہوٹل لاہور اور ایس ایم ای بینک کی نجکاری کا عمل مکمل ہوجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اداروں کی نجکاری میں پیپرا قوانین اور عدالتی فیصلوں کو مدنظر رکھا جائے گا اور پاکستان سے 5 جبکہ دنیا بھر سے 8 کمپنیوں نے نیلامی میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیل ملز ہماری ترجیحات میں صف اول پر ہے۔ سیکریٹری نجکاری ڈویڑن نے بتایا کہ 'فنانشل ایڈوائز کی تعیناتی ہوچکی ہے'۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رواں برس مئی تک اسٹیل ملز کی نجکاری کے سلسلے میں نیلامی ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح دیگر ریاستی اداروں، جو مسلسل خسارے کے باعث ملکی خزانے پر بوجھ بن رہے ہیں، ان کی نجکاری مرحلہ وار ہوجائے گی اور بہت جلد 27 سرکاری اراضی کی جلد نیلامی کا عمل شروع ہوجائے گا۔ علاوہ ازیں معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ریاستی اداروں کی شفاف اور منافع بخش نجکاری حکومت کا عزم ہے۔

ای پیپر-دی نیشن