قوم کو آپ جیسے غداروں کی ضرورت نہیں : بھارتی خاتون میڈم آپ نے برابری کی بات کرنے والا آئین بدل دیا: اداکار جاوید جعفری کا کرارا جواب
ممبئی، کلکتہ (نیٹ نیوز) بالی ووڈ اداکار جاوید جعفری کو مسلم مخالف قانون کی مخالفت کرنے پر ہندو انتہاپسندوں نے نشانے پر رکھ لیا جس پر جاوید جعفری نے بھی انہیں کرارا جواب دیا۔ بالی ووڈ اداکار جاوید جعفری نے یورپ میں متنازعہ شہریت کے قانون کے خلاف ہونے والے احتجاج کی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کرائی تاہم انتہا پسند ہندوؤں کو ان کا یہ اقدام ایک آنکھ نہیں بھایا اور سوشل میڈیا پر ان پر تنقید شروع ہوگئی، یہاں تک کہ ایک خاتون نے انہیں کہا کہ آپ یورپ کیوں نہیں چلے جاتے ہمیں اپنی قوم میں آپ جیسے غداروں کی ضرورت نہیں۔ جاوید جعفری نے خاتون کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا آپ کی قوم؟ میڈم آپ نے کب خریدی؟ آخری بار جب میں نے آئین پڑھا تھا تو اس میں جمہوریت، برابری اور اختلاف رائے کے حق کی بات کی گئی تھی۔ نہیں معلوم آپ نے نجی طور پر اس میں تبدیلیاں کردی ہوں۔