عمران کے جراتمندانہ اقدامات تبدیلی لائیں گے، بلوچ عوام کا احساس محرومی دور کرینگے: فردوس عاشق
اسلام آباد ( این این آئی + صباح نیوز) معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے جراتمندانہ اقدامات تبدیلی لائیں گے، عمران خان نے ماضی کے حکمرانوں کی طرح شو بازی کے بجائے قوم کو مصائب کی دلدل سے نکالنے کا فیصلہ کیا۔ معاون خصوصی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعلی جام کمال کے ساتھ بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال وزیراعظم عمران خان کے بلوچستان کی تعمیر، ترقی و خوشحالی کیلئے عزم کا واضح اظہار ہے۔ بلوچستان کے عوام کا احساس محرومی دور کریں گے، انہیں ملک کے دیگرترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانا وزیراعظم عمران خان کا ویڑن ہے، بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے۔فردوس عاشق نے کہا کہ رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنا ترجیح ہے۔ ان کیلئے روزگار کے مواقع کی فراہمی اور صحت و تعلیمی سہولیات یقینی بنانا اپنا فرض سمجھتے ہیں، بلوچ عوام کی خوشحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم عوامی ریلیف اور 71 سال سے درپیش مسائل کے حل کی مضبوط اور ٹھوس بنیاد رکھ چکے ہیں۔ مشکل فیصلوں کی اس سے پہلے کوئی حکومت ہمت نہیں کر سکی، مشکل فیصلے عمران خان کی ملک و قوم سے وابستگی کا ثبوت ہے۔