• news

لاہور کیلئے ٹریفک کا ماسٹر پالان بنانے کی ہدایت، ہاؤسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں: عثمان بزدار

لاہور( نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت لاہور میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور شہریوں کی آمد و رفت میں مشکلات کے ازالے کیلئے تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ آبادی اور گاڑیوں میں اضافے سے لاہور شہر کو ٹریفک مسائل کا سامنا ہے۔ شہر میں ٹریفک کے نظام میں بہتری کیلئے فوری اقدامات کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ ٹریفک کے نظام میں خلل کے باعث شہریوں کو ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انتظامیہ، ٹریفک پولیس، ایل ڈی اے، سیف سٹی اتھارٹی، لاہور پارکنگ کمپنی اور دیگر محکمے موثر ٹریفک پلان وضع کرکے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ زیادہ رش والے علاقوں میں ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے ٹریفک انجینئرنگ سٹڈی کی سفارشات پر عملدرآمد کیا جائے۔ بھاٹی چوک( داتا دربار)، شملہ پہاڑی چوک، گڑھی شاہو چوک (علامہ اقبال روڈ)، ورکشاپ چوک (آئوٹ فال روڈ)، اللہ ہو چوک، اکبر چوک (مولانا شوکت علی روڈ)، حسین چوک (نور جہاں روڈ) ، ریگل چوک مال روڈ اور بابوصابو انٹرچینج چوک پر ٹریفک کی روانی کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا کیا جائے گا۔ ان مقامات پر ٹریفک مینجمنٹ پلان کے ذریعے بہتری لائی جائے گی اور سرکلر روڈ کو بھی اپ لفٹ کیا جائے گا۔ ٹریفک میں خلل کا باعث بننے والی رکاوٹوں کو فی الفور دور کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ فیروز پور روڈ، جیل روڈ، مال روڈ اور کینال روڈ کو ٹریفک کے حوالے سے ماڈل بنایا جائے اور شہر میں پارکنگ کی سہولتوں میں اضافہ کیا جائے۔ نئے پارکنگ پلازے تعمیر کرنے کا جائزہ لیا جائے۔ لاہور کیلئے ٹریفک کا ماسٹر پلان تیار کیا جائے۔ عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں ہاؤسنگ سیکٹر کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہاؤسنگ سیکٹر میں سرمایہ کے بے پناہ مواقع موجود ہیں آبادی میں اضافے کے ساتھ نئے شہر بسانے کی ضرورت بڑھی ہے نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کم آمدن والے لوگوں کیلئے اپنی چھت کا خواب پورا کرے گی کم آمدن والے لوگوں کیلئے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہتے ہیں۔ عثمان بزدار نے بھیرہ کے قریب وین میں آتشزدگی سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن