وزیراعظم نے اتحادیوں کے تحافظات دور کرنے کیلئے کمیٹیاں قائم کردیں
اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی+ اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے اتحادیوں کو منانے، ان کے تحفظات دور کرنے اور ان سے رابطے تیز کرنے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔ ایم کیو ایم اور جی ڈی اے سے رابطے کے لیے وفاقی وزیر اسد عمر کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ جمعرات کو وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف کی اتحادیوں کے معاملات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ دیگر ارکان میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی اورحلیم عادل شیخ شامل ہیں۔ مسلم لیگ ق سے رابطے کے لیے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے، کمیٹی کے دیگرارکان میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود شامل ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل اور بلوچستان عوامی پارٹی سے رابطوں کے لیے وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی ہے، کمیٹی کے دیگر ممبران میں ڈپٹی سپیکر قاسم سوری اور میر خان محمد جمالی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبر پی کے محمود خان کو آج جمعہ کو ملاقات کیلئے اسلام آباد طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ محمود خان برطرف کئے گئے صوبائی وزراء سے متعلق اب اپنا نکتہ نظر وزیراعظم کے سامنے رکھیں گے۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد ہر لحاظ سے ایک ماڈل سٹی ہونا چاہئے، کمزور طبقے کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور بڑے جرائم پیشہ عناصر اور قبضہ مافیا کے گرد مزید گھیرا تنگ کیا جائے، سی ڈی اے میں اصلاحات کا بنیادی مقصد عوام کو بہترین شہری سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ معاشی و اقتصادی عمل میں نمایاں اضافہ ہونا چاہئے تاکہ روزگار کے مواقع فراہم ہوں اور لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال، ترقیاتی امور اور شہریوں کو بہترین شہری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، معاون خصوصی علی نواز اعوان، رکن قومی اسمبلی راجہ خرم شہزاد نواز، چیئرمین سی ڈی اے عامر احمد علی، آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان اور سینئر افسران نے شرکت کی۔