جنرل باجوہ سے زلمے خلیل کی ملاقات، خطے میں امن کیلئے پاکستانی کوششوں کو سراہا
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) افغانستان کے لئے امریکہ کے نمائندہ خصوصی ایمبیسڈر زلمے خلیل زاد نے گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دوران ملاقات باہمی دلچسپی کے امور، خطہ میں سلامتی کی صورتحال اور افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ زلمے خلیل زاد نے خطے میں امن کے مشترکہ ہدف کیلئے پاکستان کی کوششوں اور کردار کو سراہا۔ زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کی اور افغانستان میں قیام امن کیلئے کی جانے والی کاوشوں سمیت خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ کو طالبان کے ساتھ جاری امن مذاکرات سے متعلق حالیہ صورت حال کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ اور طالبان کے مابین امن معاہدہ طے پانے سے "انٹرا افغان مذاکرات" کی راہ ہموار ہو گی جو نہ صرف افغانستان کیلئے بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کیلئے خوش آئند ثابت ہو گا۔ پاکستان، مشترکہ ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے افغانستان میں قیام امن کیلئے کی جانے والی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ طرفین نے "افغان امن عمل " کے حوالے سے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کیلئے مشاورتی سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔