احساس کفالت پروگرام خواتین کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا، فردوس عاشق
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا کفالت کارڈ کا اجراء کرنا ریاست کے ماں ہونے کی سوچ کے تحت ایک قدم ہے،پروگرام سے 70لاکھ غریب خواتین کو 2ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا، احساس کفالت پروگرام خواتین کی معاشی خودمختاری کی جانب سنگ میل ثابت ہوگا۔جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر میں ٹویٹ کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ احساس کا جذبہ انسانی رشتوںکو مضبوط بناتا ہے، نئے پاکستان کی بنیاد اسی احساس پر قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا کفالت کارڈ کا اجراء کرنا ریاست کے ماں ہونے کی سوچ کے تحت ایک قدم ہے، احساس کفالت پروگرام فلاحی ریاست کی جانب پیشرفت ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پروگرام سے 70لاکھ غریب خواتین کو 2ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا،احساس کفالت پروگرام وزیراعظم عمران خان کے وژن ایک خاتون ایک بینک اکائونٹ کا عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ احساس کفالت پروگرام خواتین کی معاشی خودمختاری کی جانب سنگ میل ثابت ہوگا۔