چاہتے ہیں حکومت چلے اسے نقصان پہنچا تو ہمیں بھی ہو گا: پرویز الٰہی
لاہور (نیوز رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے وزیراعظم کی جانب سے اتحادی امور پر قائم کردہ کمیٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلی کمیٹی سے مذاکرات میں معاملات بہتری کی طرف گامزن ہونا شروع ہوگئے تھے، اب حکومت کی نئی کمیٹی سامنے آگئی ہے۔ ہمیں نئی حکومتی کمیٹی کی سمجھ نہیں آئی، ایک کمیٹی بنتی ہے دوسری ڈلتی ہے، ہم نے بھی کمیٹی ڈالی ہے جو ابھی نکلی نہیں۔ انہوں نے اس حوالے سے بابا بلھے شاہ کا ایک شعر بھی پڑھا ’’اگلی توں نہ پچھلی توں میں صدقے جاواں وچلی توں‘‘۔ ہم جس کے ساتھ چلتے ہیں نیک نیتی کے ساتھ چلتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت چلے اور اپنی مدت پوری کرے۔ ہمیں احساس ہے کہ اگر حکومت کو نقصان پہنچا تو ہمیں بھی پہنچے گا۔ ملک میں امن و امان قائم کرنا اور عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرنا ہمارا مشن ہے۔