• news

نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ طلب، حمزہ کے ریمانڈ میں 14 روز توسیع

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت میں نوازشریف کیخلاف چودھری ملز کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر سابق وزیراعظم نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ عدالت کو مطمئن کیا جائے کہ نوازشریف سفر کرنے کے قابل نہیں ہیں۔ عدالت کے روبرو مقدمہ میں گرفتار یوسف عباس کو پیش کیا گیا۔ نوازشریف نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکی۔ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ پیش نہیں کی گئی۔ سماعت 14 فروری تک ملتوی کر دی۔ احتساب عدالت میں حمزہ شہباز شریف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی گئی۔ حمزہ شہباز روسٹرم پر حاضری کے لئے پیش ہوئے۔ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے ریفرنس دائر کرنے سے متعلق استفسار کیا‘ جس پر عدالت کو آگاہ کیاگیا کہ ریفرنس تیاری کے آخری مراحل میں ہے‘ جلد ہی دائرکر دیا جائے گا۔ عدالت نے حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ اور منی لانڈرنگ کیس میں شریک ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 14 روز کی توسیع کر دی ہے۔ آشیانہ اقبال ریفرنس میں سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد ضمانت منظور ہونے کے بعد پہلی بار عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے آشیانہ کیس کی سماعت 14 فروری تک ملتوی کر دی اور شہباز شریف کے نمائندے کے تاخیر سے پیش ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور انہیں باورکرایا کہ انہیں ہر صورت پہلی آواز پر عدالت میں پیش ہونا ہے اگر ایسا نہیں کر سکتے تو نمائندگی چھوڑ دیں۔

ای پیپر-دی نیشن