صفدر آباد میں زمین کے 20 سال پرانے تنازعہ پر 5 افراد قتل
شیخوپورہ‘ پھلروان چوک (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) صفدر آباد میں زمین کا تنازعہ‘ دوگز زمین کے 20 سال پرانے تنازعہ پر شاہکوٹ روڈ چورکوٹ سٹاپ پر پیشی کیلئے جاتے ہوئے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کو قتل کردیا گیا۔اس سے قبل بھی خاندان کے 12 افراد دشمنی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔ جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق نواحی گاؤں سیٹھ والا شفیع گروپ سے ہے۔ صفدر آباد کے علاقے سیٹھ والے کے رہائشی شفیع گروپ اور اشتیاق ارائیں گروپ کے درمیان 20 سال سے زمین کے تنازعہ پر رنجش چلی آرہی تھی اور دونوں گروپوں کے اب تک متعدد افراد اس دشمنی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔ چند روز قبل اس دشمنی کے نتیجہ میں شفیع گروپ کے باپ بیٹے کو اشتیاق گروپ نے سانگلہ ہل جاتے ہوئے فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ آج صبح اشتیاق گروپ نے فیصل آباد کار پر سوار پیشی پر جاتے ہوئے شفیع گروپ کے پانچ افراد کو شاہکوٹ روڈ چورکوٹ سٹاپ کے قریب روک کر اندھا دھند فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ جاں بحق افراد میں اکمل، علی رضا، شکور، شاہ نواز اور خرم شامل ہیں۔ مقامی پولیس حکام اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئے۔ اس موقع پر ڈی پی او شیخوپورہ غازی صلاح الدین، ڈی ایس پی سرکل صفدرآباد میاں خالد محمود، ایس پی انویسٹی گیشن اکمل ،ایس ایچ او صفدرآباد، ڈی ایس پی سانگلہ ہل بھی موجود تھے۔ ڈی ایس پی سرکل صفدرآباد کی سربراہی میں ایک ٹیم بھی تشکیل دے کر ان کوہدایات جاری کی گئی جلد از جلد ملزمان کو گرفتار کریں۔ ڈی پی پی او شیخوپورہ نے مقتولین کے ورثاء کو بھی یقین دہانی کروائی ہے کہ بہت جلد ملزمان کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔