مقبوضہ کشمیر: 3 نوجوان شہید، 2 گرفتار، لاک ڈائون کو 6 ماہ مکمل، مساجد میں نماز جمعہ نہ ہو سکی
سرینگر ( آن لائن + نیٹ نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری، ضلع جموں میں 3 نوجوانوں کو بھارتی فوج نے شہید، 2 کو گرفتار کر لیا، مقبوضہ وادی میں لاک ڈاؤن کو 6 ماہ مکمل ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق غاصب فوج نے نوجوانوں کو جموں سری نگر ہائی وے پر شہید کیا۔ ضلع جموں کے علاقے میں نگروتا کے ٹال پلازہ پر بھارتی فوج نے ظالمانہ کارروائی کی، جموں سری نگر ہائی وے ٹریفک کے لیے بند کر دی جبکہ دو افراد کو گرفتار بھی کر لیا۔ علاقے میں بھارتی فوج کے درندے گشت کرتے رہے۔مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کو 6 ماہ مکمل ہو گئے ہیں، مسلسل لاک ڈاؤن کے باعث حالات انتہائی خراب، بھارتی فوجی کشمیریوں پر مظالم ڈھاتے خود ذہنی مریض بن گئے۔ سری نگر میں اہلکار نے سرکاری بندوق سے خود کشی کر لی۔ دوسری جانب بھارتی فوجیوں نے کپواڑہ، بانڈی پورہ، بارہمولہ، پلوامہ، شوپیاں، اسلام آباد، کولگام، کشتواڑ، رامبان، راجوری اور پونچھ اضلاع کے متعدد علاقوں میں محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جبکہ کشمیریوں کو مساجد میں نمازجمعہ کی ادائیگی بے پھر روک دیا۔ اس موقع پر مساجد کو تالے لگائے گئے اور بھاری نفری تعینات کی گئی۔