• news

عام آدمی کا کام بغیر سفارش کیا جائے، وزرا با اختیار، ڈلیور کریں: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے سیاسی و انتظامی ٹیم کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد 90شاہراہ قائداعظم پر کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزراء اور افسر اپنی توانائی صوبے کے عوام کی بہتری اور خوشحالی پر صرف کریں۔ منسٹرز با اختیار ہیں ، فیصلے خود کریں اورعوام کو ڈلیور کریں۔ سروس ڈلیوری کیلئے سیاسی اور انتظامی ٹیم کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ یقین ہے کہ سیاسی اور انتظامی ٹیم بہترین اشتراک کار کے ذریعے شاندار نتائج دے گی۔ وزراء اپنے محکموں کے سیاسی سربراہ اور سیکرٹریز انتظامی ہیڈ ہوتے ہیں اور دونوں فیصلوں میں خود مختار ہیں۔ عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے پنجاب کی سیاسی اور انتظامی ٹیم ایک پیج پر ہے۔ اگرچہ پنجاب گڈگورننس میں دیگر صوبوں سے بہت آگے ہے اور آئندہ بھی سبقت برقرار رکھے گا تاہم گڈگورننس کے اثرات صوبائی سطح سے تحصیل لیول تک عوام کو نظر آنے چاہئیں۔ کیونکہ پنجاب میں ہر سطح پر بہترین انتظامی صلاحیتوں کے حامل افسروںکو تعینات کیا گیا ہے۔ ہم سب کا مشن عوام کی خدمت اور انہیں ریلیف دینا ہے۔ عوام سے براہ راست رابطہ رکھنے والے محکمے روٹین سے ہٹ کر عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کریں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عام آدمی کو دفاتر میںبار بار نہ آنا پڑے اور بغیر سفارش کے کام کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی واحد سیاسی اور انتظامی ٹیم ہے جس کے خلاف کوئی سکینڈل نہیں ہے اور 16ماہ میں سکینڈل کا سامنے نہ آنا شفافیت کی دلیل ہے۔ عثمان بزدار نے گوجرخان کے قریب جی ٹی روڈ پر ٹریفک حادثے میں 3 بھائیوں سمیت 4 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ شیخوپورہ کے علاقے صفدر آباد میں گاڑی پر فائرنگ سے 5 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن