ماسکو میں خاتون مسافر کی طیارے میں بم دھماکے کی دھمکی
ماسکو (این این آئی)ماسکو میں ایک روسی طیارے کو اس وقت ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی جب اس میں سوار خاتون مسافر طیارے کی راہداری میں کھڑی ہو کر خود کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دی۔ تاہم پولیس نے بتایا ہے کہ خاتون کے قبضے سے کسی قسم کا دھماکا خیز مواد نہیں ملا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روسی فضائی کمپنی ایس 7 ایئر لائن نے بتایا کہ کمپنی کی جس مسافر طیارہ پرواز میں یہ واقعہ پیش آیا وہ کریمیا کے علاقے سیمفروپول سے ماسکو جا رہی تھی۔ ماسکو کے ڈومو ڈیڈو ہوائی اڈے پر طیارے کے اترنے کے بعد پولیس نے خاتون کو گرفتار کرلیا ہے۔ خاتون کی طیارے کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی کے محرک کا پتا نہیں چلا ہے۔