قومی کھیلوں پرتوجہ ‘اجلاس جلد ہوگا: وزیر اعظم
لاہور (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر)وزیراعظم عمران خان نے پاکستان سپر لیگ کی کامیابی میں پشاور زلمی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ قومی کھیلوں پر توجہ ہے اور جلد اس حوالے سے اجلاس ہوگا۔ وزیراعظم ہائوس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم سے پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے ملاقات کے دوران کھیلوں سے متعلق امور پرتبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کا پاکستان میں مکمل طور پر انعقاد تاریخی موقع ہوگا، ملک میں کرکٹ کی واپسی میں پی ایس ایل کا کردار اہم ہے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ‘پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے جنوبی افریقہ کے سابق مشہور بلے باز ہاشم آملہ کو پشاور زلمی سے منسلک ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔پشاور زلمی کے میڈیا ڈپارٹمنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے ملاقات کے دوران کہا کہ ‘ہاشم آملہ جیسے بڑے کرکٹر کا پشاور زلمی سے منسلک ہونا پاکستان کرکٹ کے لیے بھی اچھی خبر ہے۔جاوید آفریدی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سے قومی سپورٹس پالیسی اور پاکستان میں کھیلوں کی بہتری پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور وزیر اعظم عمران خان خان نے کہا کہ قومی سپورٹس پالیسی پر توجہ ہے جلد اجلاس منعقد ہوگا، جس میں پاکستان میں کھیلوں کی بہتری پر بات چیت ہوگی۔ وزیر اعظم نے ہاشم آملہ کا پشاور زلمی سے منسلک ہونے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ بڑے کرکٹرز کا پی ایس ایل فرنچائز سے منسلک ہونا پاکستان کرکٹ کے لیے بھی اچھی خبر ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کو سیکھنے کا موقع ملے گا۔