انڈر 19 ورلڈ کپ ، پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)انڈر 19کرکٹ ورلڈ کپ کے چوتھے کوارٹر فائنل میں پاکستان نے افغانستان کو6وکٹوں سے شکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔پاکستان کا سیمی فائنل میں روائتی حریف بھارت سے4فروری کو مقابلہ ہو گا ۔پاکستان انڈر19 ٹیم نے190رنز کا ہدف 41.1اوورز میں4وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔پاکستان کی جانب سے محمد ہریرہ نے76گیندوں پرایک چھکے اور8چوکوں کی مدد سے64رنز بنائے جبکہقاسم اکرم29،محمد حارث29،حیدرعلی28اورروحیل نذیر 22رنز بنا کر نمایاں رہے۔پاکستان کے محمد ہریرہ کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔جمعہ کو جنوبی افریقہ میں جاری انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)انڈر 19کرکٹ ورلڈ کپ کے چوتھا کوارٹر فائنل بینونی میں کھیلا گیا۔میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی ۔کوارٹر فائنل مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان انڈر 19ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، عبدالواحد کی جگہ محمد ہریرہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ۔افغانستان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے49.1اوورز میں 189رنز بنا کر آوٹ ہوگئی،اوپنر ابراہیم زدران اور فرحان زاخیل نے 41رنز کا ااچھا آغاز فراہم کیا، ابراہیم زدران 11رنز بناکر طاہر حسین کا شکار ہوگئے۔نئے آنے والے بیٹسمین عمران صرف چار نز بناسکے، رحمت اللہ نے پاکستانی بولرز کے خلاف مزاحمت دکھائی اور 29رنز بنائے۔ عابد محمدی 28رنز بناکر آوٹ ہوئے۔فرحان زاخیل 40اور عبدالرحمان 30رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔پاکستان کی جانب سے محمد عامر خان نے3، فہد منیر نے 2،طاہر حسین ،عباس آفریدی،عامر علی اورقاسم اکرم نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔190رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان انڈر19کی جانب سے حیدر علی اورمحمد ہریرہ نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو61رنز کی اوپننگ سٹینڈ مہیا کیا۔حیدر علی28رنز بنا کر رن آئوٹ ہو گئے۔پاکستان کی دوسری وکٹ117رنز پر گری جب کپتان روحیل نذیر22رنز بنا کر نور احمد کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے۔پاکستان کی تیسری وکٹ127رنز پر گری جب فہد منیر2رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ،اسکے فوری بعدمحمد ہریرہ بھی64رنز بنا کر رن آئوٹ ہو گئے۔محمد ہریرہ نے76گیندوں پرایک چھکے اور8چوکوں کی مدد سے64رنز بنائے ۔پاکستان نے مطلوبہ ہدف41.1اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔پاکستان کی جانب سے قاسم اکرم29اورمحمد حارث29رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔افغانستان کی جانب سے نور احمد نے 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔پاکستان کا سیمی فائنل میں روائتی حریف بھارت سے4فروری کو مقابلہ ہو گا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیم6فروری کو آمنے سامنے ہونگی۔