کوئی کمزور نہ سمجھے، اختیارات کا استعمال جانتے ہیں اور کرینگے: چیف جسٹس
ملتان (سپیشل رپورٹر) چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ انصاف کی فراہمی میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے شہریوں کے حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے کوئی ہمیں کمزور نہ سمجھے، ہماری کوئی کمزوری نہیں ہے کہ ہم کمزور پڑ جائیں، ملتان قدیم تاریخ کا حامل شہر ہے یہاں آکر دلی اطمینان محسوس ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہائیکورٹ ملتان بار میں شہریوں کے بنیادی حقوق اور ریاستی ذمہ داریوں کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ شیخ مامون رشید اور ہائیکورٹ کے دیگر ججز نے چیف جسٹس آف پاکستان کا استقبال کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ 20 سال بعد ملتان آئے ہیں۔ ملتان آکر بہت خوشی ہوئی۔ درباروں پر حاضری دی۔ جس پارک میں وہ گئے اس کی خبر ٹی وی پر دیکھی تھی۔ پارک کو دیکھ کر خوشی بھی ہوئی اور دیکھا کہ انتظامیہ نے فوراً گند اٹھا کر صفائی کی ہے۔ کمشنر اور آر پی او ملتان سے لاء اینڈ آرڈر کے حوالے سے گفتگو ہوئی اور یہ افسر ملتان کو بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ملتان میں درختوں کی بہت کمی ہے جس پر کہا کہ اتنے گرم شہر میں درخت کیوں کم ہیں جس پر درختوں کی کمی کا سوال کیا تو بتایا کہ کٹ گئے تو دوبارہ کیوں نہیں لگائے جس پر جواب نہیں میں ملا۔ دوسرا مسئلہ سٹریٹ لائٹس ہیں وہ بھی جلد حل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ آم کے درختوں کو کاٹنے کے حوالے سے بھی احکامات جاری کیے ہیں۔ لوگوں کے مسائل کے حوالے سے بخوبی واقف ہیں اور گھبراتے نہیں جو بھی سامنے آجائے۔ انصاف کے تقاضوں کو بھی پورا کیا جائے گا۔ ہمارے اندر کوئی کمزوری نہیں کہ ہم کمزور ہوجائیں۔ ہم اختیارات کو استعمال کرنا جانتے ہیں اور کریں گے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مامون الرشید شیخ نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ عام آدمی کے حقوق میرے دل کے قریب ہیں۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عام آدمی کو بہترین سہولیات فراہم کرے۔ بنیادی حقوق صرف آزادی نہیں ہے بلکہ ان کو سہولیات فراہم کرنا بھی ہے۔ عدلیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اختیارات اور فرائض میں توازن برقرار رکھے۔ سموگ ایک بہت بڑا مسئلہ بن چکا ہے جس کا حل ضروری ہے۔ سپریم کورٹ کے جج جسٹس امین الدین خان نے علامہ اقبال کے ایک ہی شعر کو پڑھ کر تقریر ختم کردی جس پر وکلاء نے بھرپور تالیاں بجائیں۔ ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس محمد قاسم خان نے کہا کہ ملتان نے نامور قانون دان اور ججز پیدا کیے۔ قبل ازیں چیف جسٹس گلزار احمد اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مامون الرشید نے ملتان میں مصروف ترین دن گزارا، چیف جسٹس نے دربار حضرت شاہ رکن عالمؒ اور دربار حضرت بہائوالدین زکریاؒ کا دورہ کیا۔ بعد ازاں انہوں نے چلڈرن پارک ملتان کا دورہ کیا اور پودا لگایا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مامون الرشید نے سابق گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کی رہائشگاہ پر ان کی اہلیہ کی وفات پر تعزیت کی، بعد ازاں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مامون الرشید نے ضلعی بار ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کی، ملاقات میں انصاف کی جلد فراہمی، سائلین اور وکلاء کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی آمد پر شہر کی قسمت بھی جاگ گئی شہر میں جگہ جگہ صفائی عملہ صفائی کرتا دکھائی دیا، جبکہ سکیورٹی اداروں کی جانب سے بھرپور سکیورٹی بھی فراہم کی گئی۔