• news

عمران کو اتحادیوں نہیں اپنے لوگوں سے خطرہ ہے: شجاعت

لاہور( نیوز رپورٹر) چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ سوالات کہ اتحادی کیا کر رہے ہیں پر کہا کہ ہم اتحادی ہونے کے علاوہ ساتھی بھی ہیں اور ساتھ نبھانا خوب جانتے ہیں، اتحادی ہمیشہ اتحاد اور مساوات پر یقین رکھتے ہیں، ہماری پارٹی بے شک چھوٹی ہے لیکن تجربے کے لحاظ سے ہم نے بھی دو تہائی اکثریت کے ساتھ حکومت کی ہے اس کو سامنے رکھتے ہوئے ہم تحریک انصاف کو اپنا ساتھی سمجھتے ہیں اور انہیں بھی چاہئے کہ ہمیں اپنا ساتھی سمجھیں نہ کہ دشمن۔ انہوں نے مزید کہا کہ چودھری پرویزالٰہی، طارق بشیر چیمہ، مونس الٰہی یا پارٹی کے کوئی بھی رکن بیان دیتے ہیں تو وہ سچائی اور حب الوطنی کی عکاسی کرتے ہیں، بعض دوست ان کا غلط مطلب نکال کر عمران خان کو کلپ دکھا کر اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرتے ہیں، انہیں اتحادیوں سے کوئی خطرہ نہیں اپنے ہی لوگوں سے خطرہ ہے۔ شہبازشریف کے لندن کی عدالت میں اخبار کے خلاف کیس کے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ دیکھتے ہیں کہ یہ کیس شہبازشریف کہاں تک چلاتے ہیں ’’گارڈین‘‘ نے جب ہمارے خلاف غلط خبر چھاپی تو ہم نے مقدمہ کیا جو تین ماہ تک چلا اور ہم وہ کیس جیت گئے اس پر گارڈین اخبار نے فرنٹ پیج پر معافی نامہ نمایاں طور پر چھاپا۔ اس سوال پر کہ شیخ رشید کے شہبازشریف سے متعلق بیان سے یہ تاثر جاتا ہے کہ شہبازشریف کا اسٹیبلشمنٹ سے کوئی تعلق ہے، چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ جو بھی آئے جائے ایک چیز یاد رکھے کہ ن لیگ کا ووٹ بینک نوازشریف کا ہے، شہبازشریف نوازشریف کے سامنے زیرو ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن