سلمان نصیر پاکستان کرکٹ بورڈ کے مستقل چیف آپریٹنگ آفیسر بننے سے ایک قدم دور
لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) سلمان نصیر پاکستان کرکٹ بورڈ کے مستقل چیف آپریٹنگ آفیسر بننے سے ایک قدم کی دوری پر ہیں۔ چیئرمین پی سی بی کی سربراہی میں قائم کمیٹی پانچ میں سے دو امیدواروں سلمان نصیر اور کرنل ریٹائرڈ اشفاق احمد کو شارٹ لسٹ کر چکی ہے۔ سبحان احمد کے مستعفی ہونے کے بعد پی سی بی نے اندرونی طور پر اس عہدے کے لیے درخواستیں طلب کی تھیں۔ بورڈ کے اندر سے پانچ شارٹ لسٹ ہونے والے دو افراد سمیت پانچ افراد نے درخواستیں جمع کروائی تھیں۔ دیگر امیدواروں میں عدنان مظفر علی، ڈاکٹر علی رضا صدیقی اور حسان الرحمان شامل تھے۔ تاہم دو امیدواروں کو شارٹ لسٹ کر کے سلمان نصیر کو منزل تک پہنچانے کا سفر آسان کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چار فروری کو پشاور میں ہونے والے گورننگ بورڈ کے اجلاس میں اراکین کو اس حوالے سے ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے اعتماد میں لیا جائے گا۔ بورڈ کے57 ویں بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں آڈٹ اکاونٹس کی منظوری لی جائے گی۔اجلاس میں چیرمین پی سی بی ، چیف ایگزیکٹو اور آڈٹ کمیٹی اپنی اپنی رپورٹس پیش کریں گے۔میٹنگ میں کھلاڑیوں کے لیگز کیلئے این او سی کے حوالے سے نئی پالیسی پر بحث ہوگی۔ سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے ماڈل آئین کی بھی منظوری لی جائے گی۔ پی سی بی سٹریٹیجک پلان بھی منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ چیئرمین کرکٹ بورڈ براڈ کاسٹر زکیساتھ ہونے والے تنازع پر بھی اراکین کو بریفننگ دیں گے۔