• news

لاہور قلندرز کا کراچی میں بھی ہائی پرفارمنس سنٹر بنانے کا اعلان

لاہور(نمائندہ سپورٹس) لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا نے کراچی میں بھی قلندرز ہائی پرفارمنس سنٹر کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے نوجوانوں کو بھی کھیل کی بہترین سہولیات فراہم کریں گے۔ لاہور میں ہائی پرفارمنس سنٹر نے کام شروع کر دیا ہے جبکہ پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے بعد کراچی میں قلندرز ہائی پرفارمنس سنٹر پر کام شروع کر دیا جائے گا۔ یہاں کسی قسم کی حدود نہیں ہیں اور نہ کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا ہے۔ لاہور قلندرز پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ہے اور قلندرز ہائی پرفارمنس سنٹر ایک الگ پراجیکٹ ہے۔ قلندرز ہائی پرفارمنس سنٹر کا کام پی ایس ایل کی فرنچائز لاہور قلندرز کو کھلاڑی فراہم کرنا ہے۔ کراچی میں اس منصوبے کے اعلان پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔ ہم کوئٹہ میں بھی ہائی پرفارمنس سنٹر کے قیام کا اعلان کر چکے ہیں۔ بلوچستان کے عوام سے کیا گیا وعدہ نبھائیں گے۔ بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے البتہ صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع اور سہولیات کی کمی ضرور ہے۔ ہم کوئٹہ کے لیے بہت محبت رکھتے ہیں۔ جیسے ہمیں لاہور عزیز ہے اتنی ہی محبت کوئٹہ کے جوانوں سے بھی ہے۔ کوئٹہ میں بہترین سٹیڈیم ہے وہاں کی ایڈمنسٹریشن کے ساتھ مل کر نوجوانوں کو کھیل کے میدانوں تک لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ کراچی ہائی پرفارمنس سنٹر کو جدید خطوط پر چلایا جائے گا۔ لاہور میں ہائی پرفارمنس سنٹر میں تربیتی کیمپ جاری ہے۔ حارث رؤف اور دلبر حسین آسٹریلیا میں کھیل رہے ہیں ان جیسے اور کرکٹرز بھی سامنے آئیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن