فیصل آباد: 100 سے زائد وارداتیں، مزاحمت پر سکیورٹی گارڈ کو گولی مار دی
فیصل آباد (آن لائن)شہر اور گردونواح میں ڈکیتی، چوری و راہزنی کا سلسلہ جاری، 100سے زائد وارداتوں میں لاکھوں کا نقصان، ڈاکوئوں نے مزاحمت پر فائرنگ کرکے سکیورٹی گارڈ سمیت دو افراد کو زخمی کردیا، نہتے شہریوں کو گھروں میں یرغمال بناکر لوٹ مار کا سلسلہ بھی جاری رہا، درجنوں سفری گاڑیاں، مویشی و دیگر قیمتی سامان سے بھی لوگ ہاتھ دھو بیٹھے۔ تھانہ ساہیانوالہ کے علاقہ پہاڑنگ میں ڈاکوئوں نے پٹرول پمپ پر سکیورٹی گارڈ سے اسلحہ چھین لیا۔ محمد ارشد کو مزاحمت پر گولی مار دی اور کیشیر سے ایک لاکھ 65 ہزار کی نقدی بھی چھین لی۔ تھانہ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ کرتارے والا میں پروفیسر منیر احمد کی کوٹھی میں گھسنے والے ڈاکوئوں نے 5 لاکھ نقدی، 10 تولے سونا، 2 ایل سی ڈی و دیگر سامان لوٹ لیا۔ مزاحمت پر منیر کے بیٹے ڈاکٹر عبدالواحد کو پسٹل کے بٹ مار کر لہولہان کر دیا۔ تھانہ گڑھ کے علاقہ کنجوانی میں ڈالہ سوار عمران وغیرہ سے 5 لاکھ 70 ہزار کی نقدی و قیمتی موبائل فونز چھین لئے گئے۔ تھانہ سٹی سمندری میں چھوٹا بائی پاس سے امتیاز سے اسلحہ کے زور پر اپلائیڈ فار موٹر سائیکل چھین لیا گیا۔ تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقہ میں عمر سے بھی موٹر سائیکل، نقدی وغیرہ چھین لی گی۔ روشن والا میں منیر سے بھی موٹر سائیکل چھین لی گئی۔ فوجی چوک میں اسلم، ملت ٹائون کے علاقہ میں نواز، ڈرائیور پوٹ میں جاوید، ملت روڈ پر طارق، پرانی چونگی میں افضل، غلام محمد آباد نمبر 2 میں رشید، ترکھانی کے علاقے میں غلام فرید، غفور بشیر میں جنید، برکت پورہ میں حماد، جہانگیر موڑ میں عدنان، پرتاب نگر میں عمار، لال مل چوک میں احسان، ریلوے ہائوسنگ کالونی میں سعید، رضا آباد میں ظفر، مسلم ٹائون میں تیمور، منصور آباد کے علاقہ میں اشتیاق، اعظم چوک میں یاسر، ماموں کانجن میں الیاس، ساہیانوالہ میں سہیل، بولے دی جھگی میں ظفر، تلونڈی میں افضل، ڈجکوٹ کے چک 86 میں ظفر، سٹی تاندلہ میں وقار، ستیانہ کے چک 31 میں عمران کو بھی مسلح گروہوں نے لوٹ لیا۔