مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا موقف عدل وانصاف پر مبنی ہے، فخر امام
کبیروالا(نامہ نگار)مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا موقف عدل وانصاف پر مبنی ہے،کشمیری اور پاکستانی ایک ہی وجود کے دونام ہیں،مسئلہ کشمیر پر پاکستان میں کوئی دورائے نہیں ہے، حکوت ،اپوزیشن اور پاک فوج سمیت پوری قوم ایک پیج پرہے،5فروری کو یوم یکجہتی کشمیراس انداز میں منایا جائے گا کہ پوری عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کے حل پر مرکوز ہو جائے اور کشمیریوں کو آ زادی کے حصول کی منزل مل جائے،ان خیالات کا اظہار چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام نے سیاسی وسماجی شخصیات ملک محمد اشرف قمر بھٹی اور حفیظ سعیدی سے ملاقات کرنے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی موثر خارجہ پالیسی اور سفارتی کوششوں کے نتیجے میں گزشتہ 72سالوں سے پہلی بار اقوام متحدہ،عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے،عالمی میڈیا مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی تنازعہ کے طور پر اہمیت دے رہا ہے،جو پاکستان اور کشمیری عوام کے لئے بہت بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ انڈیا کی جانب سے پاکستان کو ملنے والی دھمکیاں گیڈر بھپکیوں کے سوا کچھ نہیں ہے۔