• news

چولستان ڈیزرٹ ریلی‘اے ڈی سی کی زیر صدارت جائزہ اجلاس

بہاولپور(بیورورپورٹ)چولستان ڈیزرٹ ریلی 13فروری سے شروع ہوگی ۔ اس سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر احسان علی جمالی کی زیر صدارت ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنرز یزمان، احمد پورشرقیہ، ایکسئین ہائی ویز ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر، پولیس ، چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی، ٹی ڈی سی پی اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر احسان علی جمالی نے ہائی ویز ڈیپارٹمنٹ کے افسران کو ہدایت کی کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی کے ٹریک کو گریڈرکی مدد سے ہموار کیا جائے اور قلعہ ڈیراور کی جانب جانیوالی تمام سڑکوں کی مرمت اور دیکھ بھال کے کام7 فروری تک مکمل کر لیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قلعہ ڈیراور جانے والے راستوں میں موجود سپیڈ بریکرز اور سیاحوں کی آسانی کے لیے سائن بورڈز نصب کیے جائیں ۔ اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر یزمان کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ۔چولستان ڈیزرٹ ریلی کے روٹ پر چھڑکاؤ لگانے اور پانی کی فراہمی کے لیے واٹر باؤزر کا انتظام کیا گیا ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی13 فروری سے16 فروری تک ہوگی۔ فوڈ سٹریٹ کے قیام کے لیے اسسٹنٹ کمشنر یزمان کو ہدایات دی گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن