بے گناہوں اور صحافیوں کی حفاظت کریں، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 19 میں آزادی صحافت و اظہار رائے کو بنیادی حق کا درجہ دیا گیا ہے،جوآئین میں فراہم کردہ بنیادی حقوق میں شامل ہے،جس سے آزادی اظہار اور پریس کی آزادی کی اہمیت واضح ہے ۔قائد اعظم نے پریس ایکٹ 1910 کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا بے گناہوں اور صحافیوں کی حفاظت کریں، قائد اعظم کا کہنا تھا صحافیوں کی جانب سے آزادانہ اور ایماندارانہ تنقید حکومت اور عوام کی خدمت ہے،ان خیالات کاا ظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کی نو منتخب باڈی کے نام اپنے جاری تہنیتی پیغام میں کیا ۔انہوں نے اپنے پیغام میں امید ظاہر کی کہ پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے نو منتخب عہدیداران عوام تک اطلاعات کی فراہمی میں صحیح رپورٹنگ کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے آزادی کے نظریات میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔