• news

ڈاکٹر جاوید اشرف مرحوم کی باسیوں کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں: سید زاہد حسین جعفری

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )سینئر ڈینٹل سرجن و سابق جنرل سیکرٹری پی ایم اے ڈاکٹر جاوید اشرف کی وفات پر گوجرانوالہ کی ڈاکٹربرادری سوگوار ہے ، ڈاکٹر کمیو نٹی اور گوجرانوالہ کے باسیوں کے لئے انکی خدمات ناقابل فراموش ہیں ان خیالات کا اظہارصدر پی ایم اے گوجرانوالہ ڈاکٹر سید زاہد حسین جعفری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھا کہ سینئر ڈینٹل سرجن ڈاکٹر جاوید اشرف کی رحلت سے گوجرانوالہ سمیت پورے ملک کی ڈاکٹر کمیونٹی صدمے سے دو چار ہے ۔ پی ایم اے گوجرانوالہ کے لئے انکی بطور جنرل سیکرٹری ناقابل فراموش خدمات ہیں جنہیں ہمیشہ یا د رکھا جائے گا ،جنرل سیکرٹری پی ایم اے ڈاکٹر محمد عارف جمال کا کہنا تھا کہ آج ہم نے ایک عظیم دوست ، اور خدا ترس انسان کو کھو دیا ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ ڈاکٹر جاوید اشرف کا شمار پاکستان کے نامور ڈینٹل سرجنز میں ہوتا تھا،بلاشبہ آج کا دن گوجرانوالہ کی ڈاکٹر کمیونٹی کے لئے بالعموم اور پاکستان کی ڈینٹل کمیونٹی کے لئے بالخصوص سیاہ ترین دن ہے ۔ ڈاکٹر جاوید اشرف ایک عظیم استاد تھے جنکے چاہنے والے پورے پاکستان میں موجود ہیں ۔ وہ آخر ی دم تک عوامی فلاح و بہبود کے مختلف پراجیکٹس پر کام کرتے رہے ۔ ہماری دعا کہ اللہ تعالی انکی مغفرت کرے اور انکی طرف سے جاری عوامی فلاح کے منصوبوں کو انکے لئے صدقہ جاریہ بنائے ۔

ای پیپر-دی نیشن