• news

کرونا وائرس: چین پاکستانی ڈاکٹر کی رضاکارانہ خدمات پر شکر گزار

اسلام آباد (نیٹ نیوز) پنجاب کے شہر جہلم سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر عثمان جنجوعہ نے چین کے شہر ووہاں میں کورونا وائرس کے متاثرین کے علاج کے لیے رضاکارانہ خدمات پیش کی ہیں جس پر چین نے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ پاکستان میں قائم چینی سفارت خانے کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر میں ستائشی پیغام میں کہا گیا ہے کہ ‘ہم ڈاکٹر محمد عثمان جنجوعہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ایک غیر ملکی ڈاکٹر کی حیثیت سے چین میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں رضاکار کے طور شمولیت اختیار کی’۔ ڈاکٹر عثمان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ‘وہ چین کی چنگشا میڈیکل یونیورسٹی میں ایک استاد ہیں اور پاکستان کے شہر جہلم کے علاقے دینہ سے تعلق رکھتے ہیں’۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے بھی ڈاکٹر عثمان جنجوعہ کے جذبے کو سراہا اور ٹوئٹر میں اپنے پیغام میں کہا کہ ‘ڈاکٹر عثمان ایک ہیرو ہے۔ ڈاکٹر عثمان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب پہلی مرتبہ خبر سامنے آئی تھی تو اسی وقت صورت حال کی نگرانی کا ارادہ کر لیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘چین نے مجھے تعلیم اور روزگار کے لیے ایک اچھا موقع فراہم کیا تھا میں چین اور چنگشا کو بھولنے کا متحمل نہیں ہوں۔ رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر عثمان جنجوعہ نے ہنان سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈپارٹمنٹ میں 27 جنوری کو باقاعدہ طور پر غیرملکی ماہرین کی خدمات کے دفتر سے رجوع کیا تھا اور ووہاں کے شہر میں رضاکارانہ خدمات کی پیشکش کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب پاکستان سے میرے اہل خانہ اور دوست چین کی صورت حال کے حوالے سے پوچھتے ہیں تو انہیں جواب دیتا ہوں کہ ‘میں بہترین ہوں اور چین کی حکومت ہمارا بہت اچھا خیال رکھتی ہے’۔

ای پیپر-دی نیشن