• news

مہنگائی کیخلاف رکشہ یونین، عوامی پاسبان کی ریلی، مال روڈ انڈر پاس پر کئی گھنٹے دھرنا

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) مہنگائی کے خلاف عوامی رکشہ یونین پاکستان اور عوامی پاسبان نے مرکزی چیئرمین مجید غوری کی قیادت میں ٹھوکر نیاز بیگ سے مال روڈ تک احتجاجی ریلی نکالی اور مال روڈ سے وزیراعلی ہاؤس تک جانے کی کوشش کی۔ مگر پولیس نے ریلی کو مال روڈ پرچڑھنے سے روک دیا۔ مظاہرین نے کئی گھنٹے مال روڈ انڈر پاس کے قریب کینال روڈ پر دھرنا دے دیا۔ ریلی میں عوامی رکشہ یونین، عوامی پاسبان، عوامی ٹرانسپورٹ یونین، عوامی ایمبولینس یونین، عوامی رئیل اسٹیٹ یونین کے ساتھ سول سوسائٹی، وکلاء کے نمائندے، طلباء اور مزدور بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ راستے میں کھڑے عوامی رکشہ یونین وعوامی پاسبان کے کارکنوں نے ریلی کا پرتپاک استقبال کیا۔ کارکن ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال کر اور بینڈ باجے بجا کر ریلی کا استقبال کرتے رہے۔ریلی میں سینکڑوں رکشوں، گاڑیوں، موٹر سائیکلوں، منی مزدا، فلائنگ کوچز، ہائی ایکس ویگنیں موجود تھیں۔ جس کی وجہ سے ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک جام ہو گئی۔ مظاہرین مہنگائی اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے۔ عوامی رکشہ یونین پاکستان اور عوامی پاسبان کے مرکزی چیئرمین مجید غوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کی عوام نے مہنگائی کے خلاف ڈٹ جانے کا فیصلہ دے دیا ہے۔ اسمبلیوں میں موجود عوامی نمائندوں نے عوام کو مایوس کیا۔ غریب عوام بھوک سے مر رہی ہے، فیکٹریاں کارخانے بند ہونے سے کئی لاکھ مزدور بے روزگار ہوگئے۔ حکومت ملک کا پیسہ لوٹنے والوں سے ایک پائی وصول نہ کر سکی۔ چور اندرون ملک اور بیرون ملک وی آئی پی علاج کے مزے لوٹ رہے ہیں۔ اگر حکومت نے مہنگائی کنٹرول نہ کی تو 27فروری کو موچی دروازے میں اس سے چار گنا بڑا جلسہ کروں گا۔ اب مہنگائی کرنے والوں کو بھاگنے نہیں دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن