امریکہ کی نئی سفری ایڈوائزری پاکستان میں بہترین سیکورٹی صوتحال کا اعتراف ہے: اسد مجید
فلاڈیلفیا(آئی این پی) امریکا میں پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ امریکا کی سفری ایڈوائزری میں بہتری سیکیورٹی صورتحال کا اعتراف ہے، پاکستان میں سیاحت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہے ہیں۔ امریکی شہر فلاڈلفیا میں پاکستانی ڈاکٹرز کی تنظیم اپنا کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے پاک امریکا تعلقات میں حالیہ پیشرفت سے شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ دو طرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے اپنا کی خدمات کو سراہتے ہیں، امریکا کی سفری ایڈوائزری بہترین سیکیورٹی صورتحال کا اعتراف ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور کینیڈا سمیت دیگر ممالک نے بھی سفری پالیسی پر نظر ثانی کی، پاکستان میں سیاحت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہے ہیں۔اسد مجید خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں بھارت نے کشمیریوں کو قیدی بنا رکھا ہے، مقبوضہ کشمیر میں کشمیری بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں مظالم رکوانے کے لیے کردار ادا کرے۔ پاکستان سیاحت کے شعبے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلیے سازگار ماحول فراہم کرنیکے لئے پرعزم ہے، امریکہ اور پاکستان میں رفاہی کاموں، استعداد کار بڑھانیاور پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے اپنا کی خدمات قابل ستائش ہیں۔