• news

نواز شریف نے وقت پر میڈیکل رپورٹ جمع نہ کرائی تو حکومت عدالت جائیگی: فردوس عاشق

سیالکوٹ(نامہ نگار، آئی این پی، نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم پاکستان کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں سے ملک اب معاشی بحران سے نکل رہا ہے، وزیراعظم کا عوام کیلئے احساس اور درد ان کو دوسرے سیاست دانوں سے انفرادیت دیتا ہے۔ سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 72 سالوں بعد بھی عوام کیلئے وہ نظام نہیں لایا جا سکا جو قائداعظم کی سوچ اور علامہ اقبال کا خواب تھا۔ ملک کو ایسے ٹولے نے یرغمال بنائے رکھا جنہوں نے اپنے مفادات حاصل کئے اور ذاتی مفاد حاصل کرنے والا مافیا عمران خان کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے اور یقین کامل ہے کہ عمران خان ملک کو مسائل سے نکالیں گے۔ ایسا نظام چاہتے ہیں جہاں عدالتوں میں انصاف ہوتا ہوا نظر آئے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ جن پلیٹ لیٹس کی بنیاد پر عدالتوں سے چھٹی لی ان پلیٹ لیٹس کی رپورٹ منظر عام پر نہیں آئی پاکستان میں ڈاکہ ڈال کر پورا خاندان لندن میں عیاشی کر رہا ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملک کو لوٹنے والے لندن میں عیاشیوں میں مصروف ہیں۔ پلیٹ لیٹس کی بنیاد پر عدالتوں سے ریلیف لینے والے اپ ڈیٹ نہیں دے رہے‘ بھائی کی تیمار داری کیلئے جانے والا سازشوں میں مصروف ہے۔ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ وقت پر جمع نہ کرائی تو حکومت عدالت جائے گی‘ عوام دشمن مافیا سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا‘ گندم اسمگلنگ میں ملوث کوئٹہ کے 2 افسران کو گرفتار کیا‘ طورخم بارڈر کے افسران کے خلاف بھی کارروائی کی گئی‘ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائیگا‘ اوورسیز پاکستانی ملک کے ماتھے کا جھومر ہیںاور عمران خان کے سچے سپاہی ہیں۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف کی بیماری اقتدار کے جانے سے جڑی ہوئی ہے۔ بیماری کو فرار کا ذریعہ بنایا گیا۔ پنجاب حکومت نے رپورٹ جمع کرانے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ اگر ڈیڈ لائن کے مطابق رپورٹ جمع نہ کرائی تو میڈیکل بورڈ کی تجاویز کی روشنی میں حکومت عدالت میں آپ کی ساری کارستانیاں لے کر جائے گی۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایک بیمار علاج کے لیے اور ساتھ ایک سہولت کار گیا۔ شہباز شریف پاکستان کے عوام کو گمراہ کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ وہ نت نئے ہیٹ پہن کر روز سیاسی اداکاری کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گندم سمگلنگ میں ملوث افسران کو گرفتار کیا گیا ہے۔ عوام دشمن مافیا سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پانچ فیصد اشرافیہ نے پورے ملک کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا۔ دریں ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آئینی جمہوری حقوق کی فراہمی یقینی بنا کر قبائلی عوام کو بااختیار بنائیں گے۔ قیام امن کے دشمن اور شرپسند عناصر منہ کی کھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین کو رد کرنے والوں کیلئے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں، شر پسندوں کو قبائلی عوام کی ترقی اور خوشحالی سے نہیں کھیلنے دیں گے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آئینی جمہوری حقوق کی فراہمی یقینی بنا کرقبائلی عوام کو بااختیار بنائیں گے، وزیراعظم قبائلی عوام کی خوشحالی کیلئے پْرعزم اور سرگرم عمل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن