حکمران کرپٹ، نااہل، مہنگائی کا سونامی معیشت کھا گیا، غریب خودکشیاں کر رہے ہیں: شہباز شریف
لندن+لاہور(عارف چودھری +نیوز رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے مہنگائی میں مزید اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مزید مہنگائی بڑھنے کا مطلب معاشی پالیسیوں کی ناکامی کی دلیل ہے۔ مہنگائی کا سونامی پاکستان کی معیشت کھا گیا، غریب اور ان کے خواب دفن ہوکر رہ گئے ہیں۔ شہروں سے بھی زیادہ دیہی علاقوں کے عوام مہنگائی سے پس کر رہ گئے ہیں۔ ایک زرعی ملک کو تباہ کرنے کی پالیسی پر عمل ہو رہا ہے۔ مزید 18 فیصد پاکستانیوں کاغربت کی لکیر سے نیچے جانا معاشی تباہی و بربادی کے اثرات ہیں۔ نوازشریف نے مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کیا تھا، موجودہ حکومت نے اسے آزادکرکے آدم خوردیو میں بدل دیا۔ نالائق، نااہل اورکرپٹ ٹولے کا 11000ارب کا قرض اژدھا بن کر معیشت اور عوام کو نگل رہا ہے۔ حکمران ٹولہ نہ صرف ملی بھگت سے کرپشن کر رہا ہے بلکہ سنگدلی کی حد تک نالائق اور بے حس بھی ہے۔ مہنگائی کے اس جہنم میں قوم بالخصوص غریب ترین لوگ کیسے زندہ رہیں گے؟ غریب بجلی گیس کے بل دے تو بچوں کی فیس رہ جاتی ہے، والدین کا علاج کرائے تو کھائے کیا؟ ظلم کی یہ انتہاء قہرالہی کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ غریب، بیروزگار خودکشیاں کر رہے ہیں، سفید پوش طبقات کا عزت سے رہنا ناممکن بنا دیا گیا ہے۔