پی سی بی بورڈ آف گورنرز اجلاس کل پشاور میں ہوگا
لاہور( سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کی ہدایت کے مطابق پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا رواں سال کا پہلا اور مجموعی طور پر 57واں اجلاس 4 فروری کل بروز منگل کو پشاور کے مقامی ہوٹل میں ہوگا۔ پشاور میں بی او جی کا یہ پہلا اجلاس ہوگا۔ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے گذشتہ سال بی او جی کا 53واں اجلاس کوئٹہ میں منعقد کیا تھا۔ ملک کے مختلف شہروں میں اجلاس منعقد کروانے کا مقصد تمام سٹیک ہولڈرز کو مالکانہ حقوق فراہم کرناہے۔اجلاس میں مندرجہ ذیل نکات پرتبادلہ خیال کیا جائے گا جن میں چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو کی رپورٹس، سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کیلئے ماڈل آئین، آڈٹ کمیٹی رپورٹ، غیرملکی لیگز کیلئے این او سی سے متعلق پالیسی، پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر کی تعیناتی کیلئے جاری عمل پر تازہ ترین صورتحال، کھیل سے متعلق امور شامل ہیں۔