• news

راولپنڈی میں ٹیسٹ میچ کی تیاریاں، تزئین و آرائش جاری

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان د ومیچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ سات فروری سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔ میچ کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ۔ سکیورٹی کے حوالے سے رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کر دی گئی ہے ۔ پانچ ہزار پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ پاک آرمی اور رینجرز کے نواجوان بھی ڈیوٹی سر انجام دینگے ۔ ہوٹل سے سٹیڈیم تک بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات کئے جائیں گے۔میچ کے دوران فضائی نگرانی کیلئے دو ہیلی کاپٹرز کی بھی خدمات حاصل کی جائیں گی ۔ سکیورٹی اہلکار بنگلہ دیش کی پانچ فروری کو آمد کے ساتھ ہی الرٹ ہو جائیں گے اور سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی ۔ مہمان ٹیم سٹیڈیم میں ٹیسٹ میچ تیاری کیلئے پریکٹس کریگی ۔ راولپنڈی ٹیسٹ کیلئے شائقین کو مفت ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پی سی بی نے زیادہ سے زیادہ شائقین کو سٹیڈیم تک رسائی دینے کی غرض سے 4 جنرل سٹینڈز مختص کرنے کی پلاننگ کرلی ہے۔ مفت داخلے کی اجازت صرف شناختی کارڈ کے حامل افراد کو ہوگی۔قومی ٹیسٹ ٹیم آج راولپنڈی پہنچے گی۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ 7 سے 11 فروری تک کھیلا جائیگا۔راولپنڈی کرکٹ سٹڈیم میں ٹیسٹ میچ کی تیاری کیلئے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں ۔ سٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا کام بھی جاری ہے ۔ کرسیوں پر رنگ و روغن بھی کیا جارہا ہے ۔بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی ٹیم کی چیف کوچ مصباح الحق کی نگرانی میں پریکٹس جاری ہے ۔ پلیئرز آج لاہور سے راولپنڈی پہنچیں گے، پہلے ٹیسٹ کی تیاریوں کیلئے کھلاڑیوں کا کیمپ قذافی سٹیڈیم میں لگایا گیا جہاں چیف کوچ مصباح الحق سمیت دوسرے کوچنگ سٹاف نے پلیئرز کو بیٹنگ، بائولنگ اور فیلڈنگ کی خصوصی مشقیں کروائیں ۔کھلاڑیوں کی فٹنس میں کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے نہ صرف ٹارگٹ میچز کروائے گئے بلکہ تین روزہ پریکٹس میچ کا انعقاد بھی کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن