شاہد خاقان، احسن اقبال کی درخواست ضمانت پر ہائیکورٹ نے نیب سے 10 فروری تک جواب مانگ لیا
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایل این جی کیس میں گرفتار سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں احسن اقبال کی درخواست ضمانت پر قومی احتساب بیورو (نیب) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10فروری تک جواب طلب کر لیا ہے۔ لیگی رہنماوں کی ضمانت بعدازگرفتاری کی درخواستوں کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس لبنٰی پرویز پر مشتمل ڈویثرن بنچ نے کی۔ سابق وزیراعظم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نیب ریفرنس کا ٹرائل مکمل ہونے تک ضمانت منظور کی جائے۔ درخواست گزار 191 دن سے زیر حراست ہے۔ نیب کا اصل مقصد درخواست گزار کو ہراساں کرنا تھانیب نے اب تک صرف عبوری ریفرنس داخل کیا ہے۔ عدالت نے یہ بھی ہدایت کی کہ تحریری جواب کی نقول آئندہ سماعت سے قبل درخواست گزاروں کے وکلا کو فراہم کی جائیں۔