• news

پاکستان پرست دہشت گرد‘ بولی نہیں گولی سے مانیں گے: وزیراعلیٰ اترپردیش کا خبث باطن

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ آزادی کے وقت پاکستان جانے کے بجائے ہندوستان میں رہنے کو ترجیح دینے والوں نے بھارت پر کوئی احسان نہیں کیا ہے۔ بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ملک کی تقسیم کی مخالفت سب ہی کو کرنا چاہیئے اگر 1947 میں کچھ لوگ پاکستان جانے کے بجائے ہندوستان میں رہے تو بھارت پر احسان نہیں کیا۔ یہ ہر محب الوطن شہری کی ذمہ داری تھی۔ متنازعہ شہریت قانون کیخلاف مظاہرے وہ مسلمان کر رہے ہیں جن کے آبا و اجداد نے پاکستان جانے کے بجائے بھارت میں رہنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن متنازع اور نفرت آمیز بیانات دینے کیلیے شہرت رکھنے والے یوگی آدتیہ ایک مرتبہ پھر مسلمانوں کیلیے اپنا بغض چھپا نہیں سکے۔ اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے دھمکی آمیز لہجے میں جواب دیا کہ ’ کارروائی کیوں نہیں کی جائے گی؟ احتجاج کرنے کا طریقہ جمہوری ہونا چاہیے۔ وہ جمہوری نہیں ہے۔ آپ سڑک پر بیٹھ جائیں گے اور لوگوں کی نقل و حرکت میں خلل ڈالیں گے، آزادی کے نعرے لگائیں گے، بھارت مخالف نعرے لگائیں گے، یہ جمہوری عمل نہیں ہے۔ یوگی آدتیہ نے اسی پر بس نہیں کی بلکہ مظاہرین کو پاکستان جانے کا طعنہ دینے والے پولیس اہلکاروں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ جس نے بھی کہا اس کی وجہ ضرور رہی ہوگی۔ اگر آپ پاکستان کی حمایت میں نعرے بلند کرتے ہیں تو ہندوستان میں رہتے ہوئے آپ کو کیا کرنا چاہیے؟ پاکستان پرست دہشت گرد بولی سے نہیں مانیں گے۔ پاکستان سے دراندازی کر کے بھارت آنے والا شخص گولی سے مانے گا، بولی سے نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن