متحدہ عرب امارات نے کرونا سے متعلق افواہ پھیلانا جرم قراردے دیا
دبئی (اے پی پی) متحدہ عرب امارات کی پولیس کے ایک عہدیدار نے خبردار کیا ہے کہ کرونا وائرس میں مبتلا ہونے سے متعلق پبلک مقامات پر کسی بھی طرح کا کوئی مذاق یا افواہ پھیلانا اور غلط اطلاعات پر مشتمل وڈیو جاری کرنا جرم ہے۔ العریبیہ نیوزکے مطابق متحدہ عرب امارات کی پولیس نے سوشل میڈیا پر کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی افواہ پھیلانا انسداد انفارمیشن ٹیکنالوجی کرائمز قرار دے دیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے قانون کے مطابق اس کی جرم کی سزا کم از کم 6 ماہ قید اور ڈیڑھ لاکھ درہم جرمانہ ہے۔ زیادہ سے زیادہ 5 لاکھ درہم تک جرمانہ کیا جاسکتا ہے۔ دونوں سزائوں میں سے کسی ایک پر بھی اکتفا کیا جاسکتا ہے۔