• news

نئی کمیٹی نے ہمارے ایم این ایز کے فنڈز روک لئے، عمران فیصلہ کرنے سے پہلے ہزار بار سوچیں: پرویز الٰہی

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ق) پنجاب کے صدر اور سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہاہے کہ عمران خان فیصلہ کرنے سے پہلے ہزار بار سوچ لیں، فیصلہ لینے کے بعد اس کو واپس لینے پر ان کی ساکھ میں فرق پڑتا ہے وہ وزیراعظم ہیں، اس حکومت کے اس طرح کے اتحادی نہیں ہیں جس طرح زرداری صاحب تھے۔ ہم نے سارے اتحاد دیکھے ہیں، سب سے مشکل جماعت اسلامی کے ساتھ اتحاد ہے، عمران خان سمجھتے ہیں ساری اتحادی جماعت اسلامی کی طرح ہوتے ہیں، نئی کمیٹی بنی تو ہمارا شک یقین میں بدل گیا۔ پیر کو سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس حکومت کے اس طرح کے اتحادی نہیں ہیں جس طرح زرداری تھے، ہم نے سارے اتحاد دیکھے ہیں، سب سے مشکل جماعت اسلامی کے ساتھ اتحاد ہے، لگتا ہے عمران خان کا جماعت اسلامی کے ساتھ اتحاد برا ثابت ہوا ہے، عمران خان سمجھتے ہیں سارے اتحادی جماعت اسلامی کی طرح ہوتے ہیں، نئی کمیٹی بنی تو ہمارا شک یقین میں بدل گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پانچ ایم این ایز نے اپنے حلقوں میں سکیموں کا اعلان کیا ہے لیکن نئی کمیٹی نے پیسے ریلیز کرنے سے روک دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال میں تین مرتبہ عمران خان سے ملاقات ہوئی، عمران خان فیصلہ کرنے سے پہلے ہزار بار سوچ لیں، فیصلہ لینے کے بعد اس کو واپس لینے پر ان کی ساکھ میں فرق پڑتا ہے کیونکہ وہ وزیراعظم ہیں۔ دوسری طرف وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی مسلم لیگ (ق ) کے چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کی، دونوںجماعتیں ملکی ترقی کیلئے ساتھ ہیں، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ اختلافات کی خبریں درست نہیں۔ وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے چوہدری برادران سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری برادران سے انتہائی خوشگوار ماحول میں بات ہوئی ہے اور ملاقات میں دونوں پارٹیوں کے معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) ہمارا بہت مضبوط رشتہ ہے، تحریک انصاف اور ق لیگ میں اختلافات کا تاثر غلط ہے اور جلد کمیٹی کی سطح پر ملاقات ہوگی۔ شفقت محمود نے کہا کہ دونوں جماعتوں کا نظریہ ایک ہے اور ملک کی ترقی میں ساتھ جاری رہے گا۔

ای پیپر-دی نیشن