• news

وزیراعظم دو روزہ دورہ پر ملائیشیا پہنچ گئے، آج مہاتیر سے ملاقات ہو گی، متعدد معاہدے متوقع

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان پیر کو اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ ملائیشیا کے دو روزہ دورے پر دارالحکومت کوالالمپور پہنچ گئے جہاں بنگا رایا کمپلیکس کوالالمپور انٹرنیشنل ائیر پورٹ آمد پر ملائیشیا کے وزیر دفاع محمد صابو اور ملائیشین حکومت کے دیگر سینئر حکام نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ملائیشیا میں پاکستان کی ہائی کمشنر آمنہ بلوچ اور ہائی کمیشن کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود اور سیکرٹری خارجہ سہیل محمود وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجاً بھارت کی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور وہ چار گھنٹے کا اضافی سفر کرکے چین کی سرحدی حدود استعمال کرتے ہوئے ملائشیا پہنچے جہاں وہ ملائیشین ہم منصب اور دیگر سیاسی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے اور ان سے دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے دیگر اہم امور پر بات کرینگے۔ وزیراعظم کے دورہ کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ کے سلسلے میں دونوں وزرائے اعظم کی موجودگی میں معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط ہونگے۔ عمران خان اور مہاتیر محمد مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان اپنے دورے میں ملائشیا کے انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز (آئی ایس آئی ایس) کے زیر اہتمام تھنک ٹینک سے بھی خطاب کریں گے۔وزیر اعظم کا یہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے مابین مضبوط تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید تقویت دینے کے تناظر میں مشترکہ عزم کی علامت ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ملائیشیا کے وزیر دفاع محمد صابر سے ائرپورٹ لاؤنج میں ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان ملائشین وزیر دفاع کی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات‘ باہمی دلچسپی کے امور‘ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے‘ خطے کی صورتحال اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن