نیب ترمیمی آرڈیننس کا اطلاق 1985ء سے کیا جائے: احتساب عدالت
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے نیب ترمیمی آرڈیننس کا اطلاق 1985ء سے کرنے کا حکم دیدیا۔ احتساب عدالت کے جج چوہدری امجد نذیر نے اپنے فیصلے میں نیب ترمیمی آرڈیننس کے اطلاق سے متعلق راجہ پرویز اشرف کے خلاف فیصلے میں لکھا ہے۔ فیصلے کے پیرا 15میں عدالت نے ترمیمی آرڈیننس کے اطلاق کے حوالے سے نوٹ لکھا کہ عدالت کے سامنے قانونی نکتہ آیا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کا اطلاق کب سے ہوگا۔ عدالت نے لکھا کہ فریقین کے دلائل اور ماضی کے عدالتی فیصلوں کی روشنی میں اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ترمیمی آرڈنینس کا اطلاق وہیں سے ہوگا جہاں سے نیب آرڈیننس کا اطلاق ہوتا ہے۔ عدالت نے اپنے نوٹ میں لکھا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کے مطابق اختیارات سے تجاوز میں جب تک مالی فائدہ یا اثاثوں میں اضافہ نہ ہو جرم تصور نہیں ہوگا۔ یاد رہے کہ نیب کے ترمیمی آرڈیننس سے سب سے پہلے مستفید ہونے والے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ہیں۔ نیب کے ترمیمی آرڈیننس سے آئندہ چند دنوں میں سینکڑوں افراد کے مستفید ہونے کا امکان ہے۔