پی ایس ایل 2020ء ‘ تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پی سی بی گورننگ بورڈ اجلاس میں اراکین کو ایچ بی ایس پی ایس ایل 2020ء کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی گئی، لیگ کے میچز 20 فروری سے 22 مارچ تک کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔بی او جی کو آگاہ کیا گیا کہ آئندہ ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 6 دسمبر کو ہوئی جبکہ ایونٹ کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت بیس جنوری کو شروع ہوئی، لیگ کا آفیشل ترانہ 28 جنوری اور پراڈکشن پارٹنر کی تفصیلات تیس جنوری کو جاری کی گئیں۔چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل 2020ء کے کامیاب انعقاد کے لیے پی سی بی میں سرگرمیاں زور و شور سے جاری ہیں، سخت شیڈول کے باوجود پی سی بی کا عملہ لیگ کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور محنت کر رہا ہے۔ بنگلہ دیش اور مارلی بون کرکٹ کلب کے پاکستان میں میچز کے باعث آئندہ چند ماہ شائقین کرکٹ کو کثیر کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔بی او جی نے بیرسٹر سلمان نصیر کی بطور چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی تعیناتی کی منظوری دیدی ہے، اس حوالے سے بی او جی نے چیئر مین پی سی بی احسان مانی کی تجویز کی منظوری دی۔ احسان مانی نے بی او جی کے دو اراکین اسد علی خان اور شاہ ریزعبد اللہ خان کے ہمراہ ایک ریکروٹمنٹ عمل کے بعد بی او جی کو یہ نام تجویز کیا تھا، بیرسٹر سلمان بائیس نومبر 2019ء سے اسی عہدے پر عبوری ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ جب غیر ملکی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں ایسے موقع پر یہ عہدہ سنبھالنامیرے لیے اعزاز ہے، یہ عہدہ سنبھال کر مثبت انداز میں کام کروں گا تاکہ پی سی بی کو بہترین ادارہ بنانے میں اپنا کردار ادا کر سکوں۔